بغیر سٹیمپ اور غیر معیار ی گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغازکر دیا گیا

منگل 25 فروری 2014 16:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء) بغیر سٹیمپ اور غیر معیاری گوشت کی فروخت کو روکنے کیلئے گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ، غیر قانونی مذبع خانوں کی روک تھام کیلئے شہر بھر میں چھاپے مارے جائیں گے۔ یہ بات منگل کے روز یہاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری عامر سہیل نے سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں منعقدہ کیبنٹ پرائس کنٹرول کمیٹی پنجاب کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز،سیکرٹری ایگریکلچر ،سیکرٹری لیبر،سیکرٹری لائیو سٹاک،سیکرٹری خوراک،ایکس ایم پی اے حاجی محمد نواز کے علاوہ کمشنر لاہورڈویژن نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بغیر سٹیمپ گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف 9244ریڈزکر کے335دکانداروں کے چالان کئے گئے۔ 81دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر اور جبکہ دکانداروں کو 1لاکھ59ہزار 100روپے جرمانہ کئے گئے اور غیر معیاری2935کلو گوشت کو تلف کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ آج تک دو ہزار سے تین ہزار کے قریب گوشت کی دکانوں کو رجسٹر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری خوراک نے بتایا کہ گھی کے 158سیمپل لئے گئے جن میں8سیمپل فیل ہوئے اور 20سیمپل پاس ہوئے 130سیمپل کی رپورٹس کا انتظار ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دود ھ کی کوالٹی چیک کرنے کے لئے کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ سیکرٹری لیبر نے بتایا کہ 26711پٹرول پمپس کو چیک کیا گیا جن میں غیر معیاری اور کم پیمانے والے 70پٹرول پمپس کو سیل کردیا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ مرغی کا گوشت کم وزن میں فروخت کرنے والے دکانداروں کی 66دکانیں سیل کر دی گئیں۔ سیکرٹری زراعت اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے نوٹیفائیڈ مارکیٹس جوہر ٹاؤن اور مغل پورہ میں مرغی کے گوشت میں 12روپے کلو جبکہ سبزیوں میں آلو ،پیاز اور ٹماٹر کے ریٹوں میں 2سے4روپے اضافہ ہو اہے جس کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کاروائی عمل میں لائی گی ۔سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ عوام الناس پرائس انفارمیشن سسٹم کے ذریعے روزانہ ضروری اشیاء خوردونوش کے نرخ صبح 9بجے کے بعد اپنے موبائل سے 80024پر ایس ایم ایس بھیج کر معلوم کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں