رانا ثناء اللہ کو پی ٹی آئی کے چیئرمین کے بالغ ہونے پر کوئی ”شک “ ہے تو انکی عمران خان سے ملاقات کر وانے کیلئے تیارہیں‘اپوزیشن لیڈر ،پنجاب کے وزیر قانون کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ کسی سٹیج ڈرامہ انڈسٹری کے تربیت یافتہ لگتے ہیں‘میاں محمود الرشید کی میڈیا سے گفتگو

پیر 24 فروری 2014 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ رانا ثناء اللہ خان کو عمران خان کے بالغ ہونے پر کوئی ”شک “ ہے تو انکا شک دور کرنے کیلئے انکی عمران خان سے ملاقات کر وانے کیلئے تیارہیں‘پنجاب کے وزیر قانون کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ کسی سٹیج ڈرامہ انڈسٹری کے تربیت یافتہ لگتے ہیں‘پنجا ب کے حکمرانوں کو مغل بادشاہ کا طرز حکمرانی اپنانے کے بجائے جمہوری رویہ اختیار کرنا ہو گا‘پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رویے کے خلاف احتجاج کیاجائے گا‘موجودہ حکومت غریب عوام پر کسی عذاب سے کم نہیں ۔

سوموار کے روز اپوزیشن چیمبرمیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ عمران خان کی اصولی سیاست اور تحریک انصاف کی مقبولیت حکمرانوں کو ہضم نہیں ہو رہی اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے رانا ثناء اللہ خان جیسے لوگ ہر وقت تحریک انصاف پر تنقید کرتے رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ راناثناء اللہ کو اگر عمران خان کے بالغ ہونے پر کوئی شک ہے تو ہم ان کی عمران خان سے ملاقات کروانے کیلئے تیار ہیں تاکہ راناثناء اللہ خان کا عمران خان کے بالغ نہ ہونے کے بارے میں شک ہمیشہ کیلئے دور ہو جائے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کی بدقسمتی ہے کہ یہاں پر راناثناء اللہ خان جیسے لوگ وزیر ہیں اور ان کی وجہ سے پورے پاکستان میں پنجاب کے حکمران جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں