مکئی کا 20روپے کلو والا آٹا گندم کے آٹے میں ملاکر 45روپے کلو بیچا جا رہا ہے ‘ چیئرمین پاکستان ایگری فورم

پیر 24 فروری 2014 15:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء) پاکستان ایگری فورم کے چیئرمین ڈاکٹر ابراہیم مغل نے کہا ہے کہ مکئی کا 20روپے کلو والا آٹا گندم کے آٹے میں ملاکر 45روپے کلو بیچا جا رہا ہے ، حکومت، محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی خاموش، تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مکئی کا آٹا غذائیت کے لحاظ سے تو بہتر ہے مگر جب اسکی قیمت 20روپے کلو ہے تو اسے گندم کے آٹے میں ملاکر غریب صارفین کو 45سے50روپے کلو بیچنا کہاں کی شرافت ہے ۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں مڈل مین، ٹریڈر اور تاجر کسی کے کنٹرول میں نہیں ہیں اور ان کا مقصد صرف اور صرف پیسہ بنانا اور غریبوں کا استحصال کرنا ہے آٹے کی مکسنگ لاہور و دیگر شہروں میں بے دھڑک کی جارہی ہے اور ان مکس کرنیوالوں کو کوئی بھی ادارہ نہ پوچھ رہا ہے اور نہ ضابطے کا پابند بنا رہاہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ابراہیم مغل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کے آٹے میں اگر 25 فیصد مکئی کا آٹا ملانا ہے تو اسے با ضابطہ بنادیا جائے اور پھر آٹے کے نرخ 28روپے کلو رکھے جائیں تاکہ کسان کا بھی نقصان نہ ہواور صارفین کو سستا آٹا اور غریب کو سستی روٹی مل سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سالانہ ہمیں 80لاکھ ٹن مکئی اور 3کروڑ ٹن گندم پیدا کرنی چاہیے تاکہ یہاں خوراک اور انڈسٹری کے مسائل بہتر انداز میں حل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں