گزشتہ عام انتخابات کے دوران پورے ملک میں 15 لاکھ ووٹ مسترد کیے گئے‘ فافن، 35 حلقوں میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد جیتنے اور ہارنے والے امیدوار کے درمیان فرق سے بھی زیادہ تھی‘ رپورٹ

جمعہ 21 فروری 2014 23:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 فروری ۔2014ء) گزشتہ عام انتخابات کے دوران پورے ملک میں 15 لاکھ ووٹ مسترد کیے گئے، 35 حلقوں میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد جیتنے اور ہارنے والے امیدوار کے درمیان فرق سے بھی زیادہ تھی۔ انتخابات پر نظر رکھنے والے ادارے فافن نے رپورٹ پیش کردی ۔ فافن کی رپورٹ کے مطابق مئی 2013 کے عام انتخابات میں ریکارڈ 15 لاکھ سے زائد ووٹ مسترد ہوئے۔

35حلقوں میں مستر د ووٹوں کی تعداد ہارنے اور جیتنے والے امیدواروں کے ووٹوں کے فرق سے بھی زیادہ رہی تاہم راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 53 میں کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔15 لاکھ سے زائد ووٹر گھروں سے نکلے۔ ووٹ بھی ڈالا،لیکن ضائع کردیا۔ایسا نہ ہوتا تو قومی اسمبلی کی 35 نشستوں کے نتائج بدل سکتے تھے،جہاں فتح و شکست کا فرق کم اور مسترد شدہ ووٹ زیادہ تھے۔

(جاری ہے)

غیر سرکاری تنظیموں پر مشتمل فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی 2013 کے عام انتخابات سے متعلق رپورٹ سامنے آئی تو انکشاف ہوا کہ اس بار گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ ووٹ مسترد ہوئے۔ قومی اسمبلی کے 266 حلقوں کے اعدادوشمار پر مشتمل فافن کی اس رپورٹ کے مطابق این اے 53 راولپنڈی میں کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ دوسری جانب بلوچستان کے حلقے این اے 266 میں 25 ہزار 9 سو سے زائد ووٹ مسترد ہوگئے۔

13حلقے ایسے تھے جہاں 10 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کردیے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کوکل ساڑھے 32 فیصد ووٹ ملے۔ تحریک انصاف کو 17 اور پیپلز پارٹی کو 15.4 فیصد ووٹ ملے۔ ان انتخابات میں گزشتہ دو عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ خواتین امیدواروں نے حصہ لیا،جن کی تعداد 1 سو 61 تھی تاہم کامیابی صرف 6 کو ملی۔ گزشتہ قومی اسمبلی کے 58 ارکان ان انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے اسمبلی میں پہنچ سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں