ملک کو درپیش سنگین مسائل ،چیلنجز سے نبٹنے کیلئے قوم کو متحد کرنا سب سے اہم ضرورت ہے‘ سینیٹر ایس ایم ظفر،ہمارے معاشرے سے سچ غائب ہو چکا ہے ہمیں بطور ایک قوم اپنی شناخت پر فخر کرنا چاہیے ‘ معروف قانون دان

جمعرات 20 فروری 2014 19:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) معروف قانون دان سینیٹر ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سنگین مسائل اور چیلینجز سے نبٹنے کے لئے قوم کو متحد کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام ”پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجز“ کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پرسابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس ریٹائرڈمیاں محبوب احمد،جنرل ریٹائرڈنصیر اختر ، ائیر مارشل ریٹائرڈانورمحمود ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیئز پروفیسر ڈاکٹر مسرت عابد، ایڈوائزر ٹو وائس چانسلر کرنل ریٹائرڈ اکرام اللہ خان، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ایس ایم ظفر نے کہا کہ ہمارے معاشرے سے سچ غائب ہو چکا ہے اور قومی یکجہتی کو سنگین مسائل درپیش ہیں اور ہمیں بطور ایک قوم اپنی شناخت پر فخر کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مسرت عابدنے کہا کہ قائداعظم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے اور اس کے لئے افسر شاہی، فوج اور سیاستدانوں کا کردار کا تعین بھی کیا۔ ان اصولوں سے روگردانی کی وجہ سے پاکستان موجودہ حالات کا سامنا کر ر ہا ہے۔جسٹس ریٹائرڈمیاں محبوب احمدنے کہا کہ ریاستی عملداری کی کمزوری پاکستان کو درپیش سب سے سنگین مسئلہ کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

قومی وحدت کے جذبے کافروغ ہی پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکا ل سکتا ہے۔ جنرل ریٹائرڈنصیر اختر نے بدعنوانی کو پاکستان کا اہم مسئلہ قرار دیا اور پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر اور پانی کے مسائل کو امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا اور پاکستان کی اندرونی سلامتی کو درپیش اہم مسئلہ قرار دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں