حکومت اور طالبان اعتماد کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے مذاکراتی عمل کو کامیاب بنائیں‘ جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 20 فروری 2014 17:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ حکومت اور طالبان مذاکرات کامیاب بنانے کے لئے اعتماد کی فضاء کو بر قرار رکھیں اور ایسی قوتیں جوبات چیت کوسبوتاژ کرنا چاہتی ہیں ان کو بے نقاب کیاجاناچاہئے، پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ بلوچستان سے لے کر سوات تک جہاں کہیں بھی آپریشن کیے گئے ان کے نتائج اچھے برآمد نہیں ہوئے، ملک کواس وقت بیرونی اشاروں پرعملدرآمد کرنے والوں سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ امریکی نام نہاد جنگ نے ملک وقوم کا امن وامان چھین لیااور معیشت کو دیوالیہ کردیا ہے۔قرض لے کر سود کی ادائیگی کی جارہی ہے۔دنیا کو پہلی اسلامی ایٹمی ریاست کاوجود برداشت نہیں ہورہا اور اس کے لئے کفار سازشوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ جن دھماکوں کی ذمہ داری طالبان قبول نہیں کررہے ان کی تحقیقات کیوں نہیں کی جاتیں؟۔

وطن عزیزمیں راء،موساد اور سی آئی اے کے نیٹ ورک پر کڑی نظر رکھی جائے۔دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان مستحکم ہواور ترقی کرے۔فرقہ وارانہ فسادات پیداکرنے کی سازش اسی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ امریکہ کی غلامی سے چھٹکارہ پاکر ہی ہم دنیامیں باوقار مقام حاصل کرسکتے ہیں۔حکمران آئی ایم ایف سے پیچھا چھڑانے اورامریکی مداخلت کاقلع قمع کرنے میں سنجیدگی دکھائیں۔نام نہاد جنگ میں50ہزار قیمتی بے گناہ جانوں کاضیاع اور100ارب ڈالر کانقصان ہوچکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں