وزیراعظم نواز شریف مارچ میں کم آمدنی والے لوگوں کیلئے ہاوسنگ سکیم کا افتتاح کریں گے، ابتدائی طور پر اسلام آباد کراچی لاہو ر پشاور اور کوئٹہ میں یہ سکیم شروع کی جائے گی ‘ وزیر مملکت ہاؤسنگ اینڈ ورکس

منگل 18 فروری 2014 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) وزیر مملکت ہاوسنگ و ورکس بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف مارچ میں کم آمدنی والے لوگوں کے لیے ہاوسنگ سکیم کا افتتاح کریں گے ، ابتدائی طور پر اسلام آباد کراچی لاہو ر پشاور اور کوئٹہ میں یہ سکیم شروع کی جائے گی جس کے لیے اراضی حاصل کر لی گئی ہے بعد میں اس سکیم کا دائرہ کار دیگر شہروں تک پھیلا دیا جائے گا ، نیب سے چمبہ ہاوس خالی کرا کے اُس کی تزئین وآرائش کی جارہی ہے ۔

وہ منگل کے روز چمبہ ہاوس میں مختلف بلاکس کی تزئین وآرائش کے کام کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چمبہ ہاوس بارہ سال بعد نیب سے خالی کروایا گیا ہے اور اس میں سینٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے بلاک نمبر ایک سے چا ر تک کو مکمل طور پر تیار کر دیا گیا ہے جب کے باقی بلاکوں کی بحالی کا م جاری ہے انھوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی عمارت ہے اور اسے اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ اس وقت ملک کو بہت سے مسائل سامنا ہے جن میں ایک متوسط طبقہ کے لیے رہائش کا مسلہ بھی ہے انھوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کم آمدنی والے لوگوں کے لیے پانچ لاکھ مکانات تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیے جائیں گے ان لوگوں کو سہولت بھی فراہم کی جائے گی اور وہ بنک سے صرف 8فیصد شرح سود پر قرض لے سکیں گے جب کہ 7فیصد حکومت بنک کو ادا کرے گی ۔

ما ہانہ قسط پانچ مرلہ کے مکان کے کرائے کے برابر لی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیروزگاری کے خاتمہ کے لیے بھی بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں نوجوانوں کے لیے قرضہ سکیم کا اجراء کر دیا گیا اور نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر میرٹ کی بنیاد پر قرض فراہم کیا جارہا ہے جس سے ایک طرف ملک سے بیروزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی تو دوسری طرف ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں