پہلی سے تیسر ی جماعت تک اردو اور چوتھی کلاس سے انگریزی میں تعلیم دی جائیگی‘ وزیر تعلیم پنجاب،بچوں کے سکول میں داخلوں اور سکول چھوڑنے کی شرح کو قابو کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں‘ رانا مشہود،پنجاب حکومت نے انرولمنٹ مہم کے تحت 1.5ملین بچوں کو سکول میں داخل کرایا،عالمی میڈیا میں پاکستان کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے‘ مائیکل باربر، تعلیمی مسائل کے حل کے لئے برطانوی ماہر تعلیم کی دستاویز ی فلم ’روڈ میپ ٹو ایجوکیشن ‘کی پنجاب یونیورسٹی میں تقریب رونمائی

جمعہ 14 فروری 2014 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے ملنے والے اچھے نتائج کو دنیا میں سراہا گیا ہے ،پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ جس نے اٹھارویں ترمیم کے بعد نصاب ساز اتھارٹی قائم کی،ایک نئی تحقیق کے مطابق چھوٹے بچے اپنی مادری و قومی زبان میں ہی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں لہٰذاپہلی سے تیسر ی جماعت تک اردو اور چوتھی کلاس سے انگریزی میں تعلیم دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں برطانوی ماہر تعلیم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے تعلیم سر مائیکل باربرکی دستاویزی فلم ”روڈ میپ ٹو ایجوکیشن“ پیش کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران،فیکلٹی ممبران، ماہرین تعلیم اور طلباؤ طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پرائمری اور مڈل کی سطح پر اساتذہ کی بھرتیاں اسی ڈسٹرکٹ میں سے کی گئی ہیں جس ڈسٹرکٹ میں خدمات سرانجام دیں گے جس سے اساتذہ کی ٹرانسفر کے مسائل کے سد باب میں مدد ملے گی۔حکومت پنجاب بچوں کے سکول میں داخلوں اور سکول چھوڑنے کی شرح کو قابو کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان اور سر مائیکل باربر کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا۔

سر مائیکل باربرنے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت اور محنتی ہیں ،طلبہ کو سمت متعین کرنی چاہئے جو کہ ملک کو درپیش مشکلات کو حل کرنے میں مددگار ہوتی ہیں اور خود پر یقین ہو تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ مائیکل باربر نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں تعلیم کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے ،جس کا اندازہ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کا تناسب 92فیصد ہونے سے لگایا جا سکتا ہے جو برطانیہ کے ایک صوبے ویلز کے برابر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے انرولمنٹ مہم کے تحت 1.5ملین بچوں کو سکول میں داخل کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا میں پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے۔ مائیکل باربر نے کہا کہ دنیا میں درس و تدریس کا معیار بدل رہا ہے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے اسے اپنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی ترقی کے لئے اساتذہ اورطلبہ کے ساتھ ساتھ سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگاتبھی ملک میں جاری تعلیمی بحران پر قابو پا یا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کا مستقبل بہت روشن ہے جس کے لئے یونیورسٹیوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ بعد ازاں سر مائیکل باربر کی تعلیم کے روڈ میپ سے متعلق بنائی گئی دستاویزی فلم دکھائی گئی جسے شرکاء نے خوب سراہا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے وزیر تعلیم اور سر مائیکل باربر کو شیلڈز پیش کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں