لاس اینجلس ٹائمزکی خبر ”امریکہ پاکستان میں فوجی کاروائی کاارادہ رکھتا ہے“تشویشناک ہے‘ سید وسیم اختر

بدھ 12 فروری 2014 14:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز میں چھپنے والی خبر جس میں کہاگیا ہے کہ”القاعدہ کے حامی امریکی شہری کو نشانہ بنانے کے لئے امریکہ کی پاکستان میں ایک اور فوجی کاروائی کی تیاریاں جاری ہیں“پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ 2مئی کی طرز پر کوئی آپریشن کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔پاکستان آزاد،خودمختار ایٹمی ریاست ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکا جائے۔12برس سے جاری دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ در حقیقت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے شروع کی گئی تھی یہی وجہ ہے کہ افغانستان سے اسے پاکستان کی گلی محلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت طالبان مذاکرات میں پیش رفت خوش آئند ہے۔دشمن قوتیں ان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لئے دھماکے کروارہی ہیں۔حکومت پاکستان کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ دشمنوں کی سازشوں کو سمجھتے ہوئے ان مذاکرات کو پٹری سے نہ اترنے دے اور جلد ازجلدان کو نتیجہ خیز بنایا جائے، امریکہ 2014ء میں بھی افغانستان سے نکلنے کاارادہ نہیں رکھتا۔”وال سٹریٹ جرنل“کی خبر اس کا واضح ثبوت ہے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان میں امن قائم کرکے ہی ہم مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔وطن عزیز اس وقت شدید خطرات سے دوچار ہے۔دشمن چاروں اطرف سے ہم پر حملہ آور ہے۔قوم کواتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں