سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کا ریکارڈ واپس لینے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں رضا کاروں کو فرائض سونپ دیئے گئے، 27,117سے زائد افراد15فروری کوانسانی پرچم بنائیں گے

پیر 10 فروری 2014 19:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ یوتھ فیسٹیول میں اس بار 100سے زائد عالمی ریکارڈ توڑنے کی کوششیں کی جائیں گی جس کیلئے تمام تر تیاریاں شروع ہوچکی ہیں تاہم اس فیسٹیول میں دو عالمی ریکارڈ ایسے ہیں جنہیں دیگر تمام ریکارڈ پر سبقت حاصل ہے، ان میں قومی ترانہ گانے کا عالمی ریکارڈ ہے جبکہ دوسرا بڑا عالمی ریکارڈ سب سے بڑے انسانی پرچم کا ہے۔

گزشتہ سال فیسٹیول میں پاکستان نے نومبر2012ء میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں24,200افراد کی مدد سے سب سے بڑے انسانی پرچم بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جسے گینز بک آف ورلڈریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ ایک سال ایک ماہ تک پاکستان کے پاس سب سے بڑے انسانی پرچم کا ریکارڈ رہا جس کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں بنگلہ دیش آرمی کے جوانوں اور طلبہ نے 27,117افراد کی مدد سے سب سے بڑے انسانی پرچم کا ریکارڈ بنایا تاہم ایک بار پھر سپورٹس بورڈپنجاب کی انتظامیہ یہ ریکارڈ واپس پاکستان کی دسترس میں لانے کیلئے سینہ سپر ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور کی ہدایت پر انسانی پرچم کے عالمی ریکارڈ کو واپس لانے کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں تیاریاں شروع ہوگئیں جس میں رضاکاروں کو ان کی ڈیوٹیاں سونپ دی گئیں اور انتہائی منظم اور بہترین انداز میں ریکارڈ قائم کرنے کیلئے پلاننگ بھی شروع کردی گئیں۔ یوتھ فیسٹیول سے وابستہ افراد بھی کافی پرجوش ہیں کہ وہ باآسانی انسانی پرچم کا عالمی ریکارڈ بنگلہ دیش سے چھین لیں گے۔ دنیا کے سب سے بڑے انسانی پرچم بنانے کا مظاہرہ15فروری بروز ہفتہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں