پی سی بی کی فائنڈنگ کمیٹی نے ہیڈ قومی کوچ ،بیٹنگ کوچ اور فیلڈنگ کوچ کیلئے 6نام شارٹ لسٹ کر لئے،کوئی غیر ملکی شامل نہیں، منظوری کے بعد امیدواروں کو انٹر ویو کیلئے بلایا جائیگا،کل 25امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں،تمام درخواستوں کو زیر غور لایا گیا ،آپشنز کے طور پر دو ، دو کا سیٹ بنایا گیا ہے، منظوری کیلئے چیئرمین کو بھجوایا گیا ‘ سربراہ کمیٹی انتخاب عالم، کمیٹی کی کوشش ہے ٹیم کے لئے ایسے کوچز کا تقرر ہو جو ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں‘ جاوید میانداد،پاکستانی کوچز بھی انٹر نیشنل سطح پر کوچنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں کسی کو فیور نہیں دی گئی‘ وسیم اکرم

اتوار 9 فروری 2014 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 فروری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی فائنڈنگ کمیٹی نے قومی ٹیم کیلئے ہیڈ قومی کوچ ،بیٹنگ کوچ اور فیلڈنگ کوچ کیلئے 25میں سے 6نام شارٹ لسٹ کر لئے ، تینوں شعبوں میں کوچنگ کے لئے کسی غیر ملکی نے درخواست نہیں دی ، کل سوموار چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد امیدواروں کو انٹر ویو کے لئے بلایا جائے گا ۔قومی ٹیم کے لئے ہیڈ کوچ ،بیٹنگ کوچ اور فیلڈنگ کوچ کی تقرری کے لئے فائنڈنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس سربراہ انتخاب عالم کی سربراہی میں اتوار کے روز لاہور میں منعقد ہوا ۔

کمیٹی نے کوچنگ کے خواہشمند 25 امیدواروں کی کرکٹ سے وابستگی اور دیگر امور کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد تینوں شعبوں کے لئے چھ نام شارٹ لسٹ کئے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کوچ کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ تمام درخواستوں کو زیر غور لایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اورآپشنز کے طور پر دو ، دو کا سیٹ بنایا گیا ہے جنہیں منظوری کے لئے چیئرمین کو بھجوایا گیا اور بعد ازاں ان امیدواروں کو انٹر ویو کے لئے بلا لیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ 25 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور ان میں ایک بھی غیر ملکی شامل نہیں ۔جاوید میانداد نے کہا کہ کسی بھی درخواست کو رد نہیں کیا گیا بلکہ تمام درخواستوں کو زیر غور لایا گیا ہے ۔ کمیٹی کی کوشش ہے کہ ٹیم کے لئے ایسے کوچز کا تقرر ہو جو ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں۔وسیم اختر نے کہا کہ پاکستانی کوچز بھی انٹر نیشنل سطح پر کوچنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام نام میرٹ پر شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں اور کسی کو فیور نہیں دی گئی ۔درخواستوں پر تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا ہے اور اسکے لئے انکی کرکٹ سے وابستگی او دیگر ٹریک ریکارڈ بھی پرکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کوچنگ کے لئے کسی غیر ملکی نے درخواست نہیں دی اور میرے خیال سے پاکستان ٹیم کے لئے ملکی کوچ ہی بہتر ہے حالانکہ ہم پہلے غیر ملکی کوچز کے لئے بات کرتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ اکیڈمی میں کوچز بہت محنت کر رہے ہیں اور یقینا انہیں بھی موقع ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ لسٹ کئے جانے والے ناموں کے حوالے سے کہا کہ کل پیر شام تک سارے نام سامنے آ جائیں گے۔ انہوں نے فیلڈنگ کوچ کے حوالے سے کہا کہ میرا نقطہ نظر یہ ہے کہ یہ ایسا شعبہ ہے جسکے لئے کھلاڑی کو ایکسڑا محنت کرنا پڑتی ہے ۔ہمارے دور میں جاوید میانداد اپنے وقت کے بہترین فیلڈر رہے ہیں اور ان سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں