سعودی شہزادے سلمان بن سلمان بن عبدالعزیز کی لاہور آمد، وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء اوراعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا،ائیر فورس کے چاک و چوبند دستے نے سعودی مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا ،سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ،سعودی وفد نے بادشاہی مسجداورلاہور میوزیم کا دورہ کیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسجد کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا،عجائب گھر کے دورہ کے دوران سعودی وفد کاتاریخی نواردات میں گہری دلچسپی کا اظہار، وفد نے گندھارا گیلری اور مختلف گیلریوں کے حصے دیکھے،گورنر ہاوٴس میں نیزہ بازی اورپولو گراوٴنڈ میں پولو میچ دیکھا،سعودی شہزادہ کو شہباز شریف نے ایئر پورٹ پر رخصت کیا

ہفتہ 8 فروری 2014 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) سعودی عرب کے کمیشن برائے سیاحت و نوادرات کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز لاہو رپہنچے تو ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سعودی شہزادے کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ سرکاری حکام ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

اس موقع پر ائیر فورس کے چاک و چوبند دستے نے سعودی مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا ، سعودی شاہی مہمان اور انکے وفد کو خوش آمدید کہنے کیلئے مال روڈ کو خیر مقدمی بینرز ،سعودی مہمان کی قدر آور تصاویر اور خوبصورت پھولوں سے سجایا گیا جبکہ اس موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا عظیم دوست ہے اور سعودی شہزادہ اور ان کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف ،سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے وفد کے ارکان ائیرپورٹ سے بادشاہی مسجد گئے اور مسجد کے مختلف حصے دیکھے۔ سعودی شہزادہ اور ان کے وفد کے اراکین نے بادشاہی مسجد میں نوافل بھی ادا کئے۔ سعودی وفد نے قرآن مجید کا طلائی نسخہ بھی دیکھا۔ سعودی وفد نے لاہور میوزیم کا بھی دورہ کیا اور عجائب گھر میں رکھی ہوئی تاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سعودی عرب کے اراکین نے لاہور میوزیم میں گندھارا گیلری اور مختلف حصوں کا دورہ کیا۔جہاں گورنر ہاؤس پہنچنے پر گورنر چوہدری محمد سرور، سپیکر پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزراء نے سعود ی وفد کا استقبال کیا۔گورنر ہاوٴس میں سعودی شہزادے اوران کے وفد کے ارکان نے کلچرل شودیکھا اور وزیراعلیٰ نے سعودی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیاجس کے بعد سعودی شہزادے اوران کے وفد کے ارکان نے نیز ہ بازی کا شاندار مظاہرہ دیکھا ۔

بعدازاں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور سعودی وفد کے اراکین پولو گراوٴنڈ گئے جہاں انہوں نے پولو کا میچ دیکھا۔اس موقع پر سعودی شہزادے اور وزیراعلیٰ کو سونےئر بھی پیش کیے گئے ۔ سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز اوران کے وفد کے اراکین واپس روانہ ہوگئے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سعودی وفد کو اےئر پورٹ پررخصت کیا۔سعودی عرب کے مہمانوں کی آمد کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں