ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ،برفباری کا سلسلہ تھم

ہفتہ 8 فروری 2014 11:53

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے اور بند راستوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔ پنجاب کے کچھ علاقے ایک بار پھر دھند کی لپیٹ میں ہیں ،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا سلسلہ دوتین دن جاری رہے گا۔

مالاکنڈڈویژن میں 5روز کی بارش اور برفباری کے بعد موسم صاف ہوگیا ہے۔ چترال میں برفباری تھمنے کے بعد لواری ٹنل کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ہزارہ ڈویژن میں بھی برفباری رک گئی ہے اور بند ہونے والے راستوں کو کھولنے کا کام جاری ہے۔گلگت بلتستان میں غذر ،استور اور ہنزہ نگر سمیت مختلف علاقوں میں برفباری رکنے کے بعد لوگ گھروں کی چھتوں اور راستوں سے برف ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔

شدید سردی کی وجہ سے جلانے کی لکڑی اور ایندھن مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ کرم ایجنسی ،اورکزئی ایجنسی سمیت قبائلی علاقوں میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔کشمیر ،گلگت بلتستان ،ہزارہ ڈویڑن میں برفباری کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں