پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کے خواہش مند ہیں ‘ برطانوی ہائی کمشنر ، معاشی تعلقات کافروغ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے‘ مسٹر فلپ بارٹن کی انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب کے حکام سے گفتگو

منگل 4 فروری 2014 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) برطانوی ہائی کمشنر مسٹر فلپ بارٹن نے اپنے وفد کے ہمراہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے دفاتر کا دورہ کیا اور انوسٹمنٹ بورڈ کے حکام سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے مذاکرات کئے ۔ ڈپٹی پولیٹیکل قونصلر جیسپر تھارنٹن، ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ آفیسر وقار اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر یو کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ ارشد رؤف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ڈائریکٹر جنرل انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب ڈاکٹر علی نوید پیرزادہ نے برطانوی ہائی کمشنر اور ان کے وفد کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انوسٹمنٹ بورڈ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھر پور معاونت اور تکنیکی رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط کا فروغ چاہتا ہے کیونکہ معاشی تعلقات کافروغ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پاکستان کے تاثر کا بہتر بنایا جانا خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔اس موقع پر انوسٹمنٹ بورڈ پنجاب اور یو کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کے درمیان تجارتی معلومات کے باہمی تبادلے اور خواہش مند فریقین کے درمیان بزنس سے متعلقہ روابط کے فروغ کے لئے ایک مشترکہ نالج بیس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ بعد ازاں برطانوی وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ری پبلک انجینئرنگ کارپوریشن پیر سعد احسن الدین، سی ای او میٹرکس سورسنگ اظفر حسن ،ڈائریکٹر بخش گروپ شہریا ر بخش اور ڈائریکٹر پراجیکٹس الائیڈ انجینئرنگ علی آغا سے بھی ملاقات کی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں