پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ، پرویز مشرف مردانگی کا ثبوت دیتے ہوئے عدلیہ کا سامنا کریں ‘ میاں منظور وٹو ،ہم ایک بار پھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں‘ پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 4 فروری 2014 20:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں پارٹی زیادہ فعال اور متحرک نظر آئے گی کیونکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے بلدیاتی انتخابات جلد سے جلد کروایا جائے چاہے ان کا انعقاد 2002 کی حلقہ بندیوں کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، ، راجہ عامر خان، عابد حسین صدیقی، ندیم اشرف چن، خرم لطیف کھوسہ، تسنیم احمد قریشی، نواب شیر بصیر، راجہ عمران اشرف اور منظور احمد مانیکا کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میاں منظور وٹو نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے آسمان کو چھوتے ہوئے بجلی کے نرخوں کے باوجود سردیوں کے موسم میں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

غریب آدمی نے بلوں کے خوف سے بجلی کا استعمال کم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چوری، ڈکیتی، راہزنی اور قتل و غارت پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف مردانگی کا ثبوت دیتے ہوئے عدلیہ کا سامنا کریں جس طرح سابق صدر آصف علی زرداری نے صدارتی استثنیٰ ختم ہونے کے بعد عدالتوں میں حاضری دی حالانکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان پر بے بنیاد کیس بنائے گئے اسی طرح سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی عدلیہ کے روبرو پیش ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں