جماعة الدعوةکے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کل بڑا کشمیر کارواں نکالا جائے گا

منگل 4 فروری 2014 14:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء) جماعة الدعوةپاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آج (بدھ )کو مرکز القادسیہ چوبرجی سے مسجد شہداء مال روڈ تک بڑا کشمیر کارواں نکالا جائے گاجس میں لاہور اورا س کے گردونواح سے مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔اسی طرح اسلام آباد، ملتان، کراچی، حیدرا ٓباد، فیصل آباد اور دیگر شہروں سمیت پورے ملک میں تحصیلی سطح پر کشمیرکارواں، جلسوں اور سیمینارزکا انعقاد کیاجائے گا۔

امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعیدکی ہدایات پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں مرکز القادسیہ چوبرجی سے مسجد شہداء مال روڈ تک نکالے جانے والے کشمیر کارواں کے اختتام پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیاجائے گا جس میں مختلف مذہبی ، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

جماعةالدعوة کی طرف سے شاہراہ قائداعظم سمیت شہر بھر میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔ لاہور کے مختلف مقامات سے جماعة الدعوة کے مقامی ذمہ داران قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے چوبرجی پہنچیں گے جہاں سے پیدل‘ موٹر سائیکلوں‘ گاڑیوں اوربسوں پر سوار ہزاروں افراد مارچ کرتے ہوئے مسجد شہداء جائیں گے جہاں بڑا جلسہ عام ہو گا۔

امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں کراچی سے پشاور تک ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ دنیا کو مضبوط پیغام دیا جاسکے کہ پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جارحیت کے خلاف متحد وبیدار ہے اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ آج 5فروری کو چوبرجی سے مسجد شہداء تک کشمیر کارواں تاریخی نوعیت کا ہو گا ۔ پورے ملک میں کشمیر کارواں ، جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعہ کشمیری بھائیوں کا پیغام دیا جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔کشمیری مسلمان پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کا نعرے لگاتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں تو پاکستانی قوم بھی کشمیریوں سے اسی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وابستہ ہے ۔

ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مظلوم کشمیریوں کی غاصب بھارت سے آزادی کیلئے ہر ممکن کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی ریاستی دہشت گردی حکومت پاکستان کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے ۔کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔ مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کشمیر کے حوالہ سے ان شاء اللہ بہت جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔پاکستانی قوم کشمیری حریت پسند قیادت اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں