بگ تھری کے معاملے پر پیٹرن چیف نواز شریف سے ملاقات میں رہنمائی لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ‘ چیئرمین پی سی بی،ہماری کسی سے لڑائی نہیں ،چاہتے ہیں تمام بورڈز مل کر چلیں، پیسے کے پیچھے جانے سے کرکٹ تباہ ہوجائے گی،پی سی بی کے سوموار کے روز ہونیوالے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اہم معاملات زیر بحث آئیں گے، حکومت کی طرف سے میری بحالی کیخلاف درخواست واپس لینے پر شکر گزار ہوں‘ ذکاء اشرف کی پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس

جمعہ 31 جنوری 2014 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ بگ تھری کے معاملے پر پیٹرن چیف وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں رہنمائی لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ،پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اجلاس سوموار کے روز بلایا گیا ہے جس میں اہم معاملات زیر بحث آئیں گے، بگ تھری کے معاملے پر ہماری کسی سے لڑائی نہیں ،ہم کسی کے خلاف نہیں ،چاہتے ہیں کہ تمام بورڈز مل کر چلیں، پیسے کے پیچھے جانے سے کرکٹ تباہ ہوجائے گی، حکومت کی طرف سے میری بحالی کیخلاف درخواست واپس لینے پر شکر گزار ہوں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذکاء اشرف نے کہا کہ بگ تھری کے پہلے حملے کو ناکام بنا دیا ہے او ریہی ہماری حکمت عملی تھی ۔ اس حوالے سے بیگ ڈور ڈپلومیسی چل رہی تھی ۔ ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہم نے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی اور یہی کوشش ہے کہ آئی سی سی میں جو بھی فیصلے ہوں وہ اتفاق رائے سے ہوں اور آئی سی سی تمام ممبر ممالک کو ساتھ لے کرچلے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ملنے والی رقم میں کمی واقع نہیں ہوگی ۔اس میں تین بڑے ممالک کاحصہ بڑھایا گیا ہے۔ ذکاء اشرف نے کہا کہ پیسے کے پیچھے جانے سے کرکٹ تباہ ہو جائے گی اور اسی لئے ہم نے ایک مضبوط موقف اپنایااور پیسے کی بجائے کرکٹ کے مستقبل کیلئے سٹینڈ لیا ۔ بنگلہ دیش نے اپنا فائدہ دیکھا اور بگ تھری کے لئے ووٹ کیا ۔

سری لنکا کے ہاں کہنے سے بھی ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی بگ تھری منصوبے کی شرائط میں ترامیم کر رہی ہے ان شرائط کو دیکھ کر کرکٹ کی بہتر ی اور پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے پیٹرن چیف وزیر اعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے امید ہے جلد وقت مل جائے گا جس میں انہیں تمام صورتحال سے آگاہی دی جائے گی اور ان سے رہنمائی لے کر آئندہ کا فیصلہ کیا جائیگا ۔

پیٹرن چیف سے ملاقات میں بھار ت سے کرکٹ کی بحالی کے معاملے پربھی بات ہو گی اور انکی ہدایات پرعمل کیاجائیگا۔ انہوں نے آئی سی سی کے اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کی کرکٹ پالیسی میں تسلسل نہیں اوربے یقینی کی فضاء ہے اور چیئرمین بار بار تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ ذکاء اشرف نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کہا کہ سات سال بھارت نے ہماری سرزمین پر سیریز نہیں کھیلی لیکن ہماری کوشش ہے کہ وہ یہاں آ کر کھیلے ہمیں انہیں اپنی سر زمین پر خوش آمدید کہیں گے اورانہیں جس طرح کی بھی ضمانت چاہیے دینے کے لئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کا ٹائم فریم نہیں دے سکتا کیونکہ یہ سکیورٹی کا معاملہ ہے اور اگر فول پروف سکیورٹی فراہم کر دی جائے تو انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی ممکن ہے۔ انہوں نے محمد عامر کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ا س معاملے کو آئی سی سی میں اٹھایا ہے جس پرانہوں نے کہا ہے کہ ہمارا ایک باضابطہ طریق کار ہے اور اسے بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں زیر بحث لایا جائے گا جسکے بعد ہی کوئی فیصلہ ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے آئی پی ایل میں کرپشن کے حوالے سے کہا کہ یہ بھارت کی پریمیر لیگ ہے اس کا آئی سی سی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف پاکستان پر پابندی کی نوبت نہیں آئے گی ۔ ایشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آئی سی سی کامعاملہ ہے پی سی بی اس میں مداخلت یا رکاوٹ نہیں ڈالے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں