وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی سفارشات پر 5فروری ”یوم یکجہتی کشمیر“ کے طور پر منانے کیلئے مختلف پروگراموں کی منظوری دیدی

جمعہ 31 جنوری 2014 15:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی سفارشات پر 5فروری ”یوم یکجہتی کشمیر“ کے طور پر منانے کے لئے مختلف پروگراموں کی منظوری دیدی ۔جس کے تحت یوم یکجہتی کشمیر میں لوگوں کی بھر پور شرکت یقینی بنانے کے لئے 5فروری کو صوبہ بھر میں عام تعطیل ہو گی۔کشمیری شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنے اور ان کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے صبح10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محمد شہباز شریف کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر کنونشن سے خطاب کریں گے۔پنجاب بھر میں ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر منتخب نمائندے اور آزاد جموں و کشمیر کے ارکان اسمبلی کشمیر حوالے سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کریں گے جبکہ آزادی کے لئے جاری جدوجہد سے یکجہتی کے اظہارکے نعروں پر مبنی بینرز تمام شہروں میں لگائے جائیں گے ۔ ڈویژن کی سطح پر کشمیر کی آزادی کی تحریک سے متعلقہ تصویری اور پینٹنگ نمائش منعقد کی جائیں گی ۔ڈویژنل ،ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔کشمیری بھائیوں کے ساتھ جذبہ خیر سگالی اور یک جہتی کے اظہار کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں