طالبان سے بات چیت اور آپریشن دونوں ہونگے،جو مذاکرات چاہتاہے اس کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں ‘ وزیر قانون پنجاب ،وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کا موقف ایک ہے ،مذاکرات کے حوالے سے ابہام پھیلانے کا عمران خان کا ذاتی ایجنڈاہے ،تحریک انصاف کے رہنما ٹوپی ڈرامے کے ماہر ہیں،تعصب کی عینک نے انہیں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کر دیا‘ رانا ثنا اللہ

بدھ 22 جنوری 2014 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر قانون وبلدیات رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ طالبان سے بات چیت اور آپریشن دونوں ہونگے،جو مذاکرات چاہتاہے اس کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں اوراس حوالے سے وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کا موقف ایک ہے ،مذاکرات کے حوالے سے ابہام پھیلانے کا عمران خان کا ذاتی ایجنڈاہے جس میں وہ ناکام رہیں گے، تحریک انصاف کے رہنما ٹوپی ڈرامے کے ماہر ہیں۔

تعصب کی عینک نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کردیاہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو او راپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ دہشتگردوں سے مذاکرات کے حوالے سے وفاقی حکومت اور عسکری قیادت کا موٴقف ایک ہے اور دونوں کی دو ٹوک پالیسی ہے، ابہام پھیلانا عمران خان کا اپنا ایجنڈاہے۔

(جاری ہے)

ان کا ایجنڈا صرف حکومت کی ناکامی ہے لیکن یہ پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی نا مراد اور ناکام ہی رہیں گے۔

، انہوں نے کہا کہ جو لوگ گولی کی زبان میں بات کریں گے ان سے گولی کی زبان میں ہی بات کی جائے گی ،بنوں اور راولپنڈی واقعہ کے ذمہ داران سے انہی کی زبان میں بات کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کیلئے جس بھی ذریعہ سے بات چیت ہو سکی وہ ذریعہ استعمال کریں گے ،مو لانا سمیع الحق ،مو لانا فضل الرحمان یا اگر عمران خان دہشت گردوں کے گروہوں سے بات کر واسکتے ہیں تو وہ ضرور بات کریں ان کو ہم ہرگز ایسا کرنے سے نہیں روک رہے ۔

انہوں نے کہا مذاکرات کے جاری عمل کو اس وقت تک مخفی رکھنا ضروری ہے جب تک اس حوالے سے جاری مشاورت کا حتمی نتیجہ سامنے نہیں آجاتا ۔مذاکرات کے حوالے سے ابہام پھیلانے کا عمران خان کا ذاتی ایجنڈاہے ، جس میں وہ ناکام و نامراد رہیں گے،وہ چاہتے ہیں کہ پوری قوم یکسو نہ ہو ،وہ ہر ناکامی کا الزام حکومت پر لگا تے ہیں لیکن ہر ناکامی انہی کے مقدر میں لکھی ہو ئی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب پر تنقید کرنیوالے محمو دالرشید خیبر پختو نخواہ میں اپنی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ٹوپی ڈراموں کے ماہر ہیں،تعصب نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کر دیا ہے،سبز باغ دکھانے والوں کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے،خیبر پختونخواہ میں ان کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، محمود الرشید کو چاہیے کہ وہ خیبر پختونخواہ میں اپنی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کریں،محمو دالرشید بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختو نخواہ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں ؟ یہ بات ا پنی جگہ ایک حقیقت ہے کہ وہاں کے لوگ آج بھی مشکل ترین حالات سے دوچار ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں