اراکین پارلیمنٹ اپنے اپنے اضلاع کی مارکیٹوں میں ہفتے کے 3دن اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مانیٹر کرینگے‘ پنجاب حکومت کی ہدایت،پنجاب کے 118ٹی ایم ایز میں بائی لاز کا نفاذ کردیا گیا،جسکے تحت مردہ جانوروں کی چربی سے تیل بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے،محکمہ زراعت نے سبزیوں اور دالوں کی سپلائی مسلسل اور یقینی بنانے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرلی ہے ‘ وزیر خوراک بلال یاسین

منگل 21 جنوری 2014 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) پنجاب حکومت کی جانب سے نوٹی فائی کئے گئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور اور ڈی سی اوز اپنے اپنے اضلاع میں ہفتہ کے3دن مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مانیٹرکریں گے اوراس کے ساتھ ساتھ موقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کے نظام کو مربوط اور مئوثر بنا جارہاہے۔ محکمہ زراعت نے اگلے 3ماہ لیے سبزیوں اور دالوں کی پیداوار و سپلائی کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرلی ہے تاکہ سبزیوں اور دالوں کی فراہمی کو مسلسل اور یقینی بنایا جاسکے۔

یہ بات صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ اس وقت پنجاب کے تمام اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مناسب سطح پر مستحکم ہیں جس کا فائدہ براہ راست غریب اور کم آمدنی والے طبقہ کو ہورہاہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے سبزیوں اور دالوں کی پیداوار و سپلائی کو موثر بنانے کے لیے3ماہ قبل پیشگی منصوببہ بندی کرلی ہے جس کے بارے میں کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی جبکہ محکمہ لائیو سٹاک غیر قانونی سلاٹرنگ اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کے خلاف مہم تیز کردی ہے اوراس ضمن میں ہزاروں ٹن مضر صحت گوشت کو تلف کیاجا چکاہے۔

بلال یاسین نے بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ نے 118ٹی ایم ایزمیں بائی لاز کے نفاذ کردیاہے جس کے تحت مردہ جانوروں سے تیل بنانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروئی کی جارہی ہے اور محکمہ لیبر پیٹرول کے پیمانوں کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع میں مرغی کے نرخ کے مطابق وزن کی فراہمی کو یقینی بنارہاہے تاکہ لوگوں کو ریٹ کے مطابق پورے وزن کے ساتھ مرغی کے گوشت کی فراہمی ممکن ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور، وہاڑی، لودھراں، گجرات، راجن پور، چینوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے کارکردگی باقی اضلاع کی نسبت بہت اچھی رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں