سابق کرکٹرز کا سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی کار کر دگی پر خوشی کااظہار،پو ری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ، مصباح اور اظہر علی شیروں کی طرح کھیلے ، جتنی تعریف کی جائے کم ہے ، رمیز راجہ ، وقار یونس ، کھلاڑیوں کو حاصل ہونے والا اعتماد آئندہ بھی مشکل حالات میں حوصلے بڑھانے کا ذریعہ بنے گا ،عامر سہیل ،اظہر علی نے ٹیسٹ ٹمپرامنٹ دکھاکر مستقبل کے امکانات روشن کرلیے ، راشد لطیف

منگل 21 جنوری 2014 13:12

کراچی/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) سابق کرکٹرز نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی کار کر دگی پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جیت پر پو ری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے ، مصباح الحق اور اظہر علی شیروں کی طرح کھیلے ، جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ایک انٹرویو میں سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے کہاکہ سری لنکا کیخلاف جیت پر پوری پاکستانی قوم مبارک کی مستحق ہے اور یہ جیت پوری قوم کیلئے قابل فخر ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ سابق کپتان وقار یونس نے کہاکہ پاکستان طویل عرصہ سے ملک سے باہر کرکٹ کھیل رہا ہے،ان حالات میں ٹیسٹ میچز میں کارکردگی بْری طرح متاثرہوئی تاہم کھلاڑیوں نے ثابت کردیا کہ ٹیم میں اب بھی دم خم موجود ہے،مہمان الیون نے منفی حربے استعمال کیے،اس کے باوجود پلیئرز ہار ماننے کو تیار نظر نہیں آئے، صبح کے سیشن میں فیلڈنگ کے دوران ٹیم نے جان لڑائی،بعد ازاں انتہائی مشکل ہدف کے تعاقب میں وکٹوں کے درمیان شاندار رننگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا، انھوں نے کہا کہ اوپنرز نے ابتدا میں ہی حریف کو پیغام دیدیا تھا کہ ان کا مقصد صرف جیت ہے،سرفراز احمد کی اننگز نے آئی لینڈرز کے حوصلے پست کیے، پاکستان کی یہ بہت بڑی کامیابی ہے، کوچ واٹمور کو اس سے بہتر انداز میں الوداع نہیں کہا جاسکتا تھا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان رمیزراجہ نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم خاص طور پر سرفراز احمد ،اظہرعلی اور مصباح الحق کی زبردست محنت کو جاتا ہے جو شیروں کی طرح کھیلے۔مہمان ٹیم کے افسوناک حد تک منفی حربوں کے باوجود کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگا، رمیز راجہ نے کہا کہ سری لنکا کو منفی سوچ کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔مصباح الیون نے بھانپ لیا تھا کہ مہمان ٹیم صرف دفاع پر آمادہ ہے، انھوں نے حیران کن طور پر اس کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھایا، فتح نے روشن مستقبل کے دروازے کھول دیے،کھلاڑی ہیروز بن گئے،آئندہ بھی حوصلوں کو جوان اور اعتماد بحال رکھنے کیلیے شارجہ ٹیسٹ کو مثال کے طور پر سامنے رکھا جائے گا۔

عامر سہیل نے کہا کہ کھلاڑیوں کو حاصل ہونے والا اعتماد آئندہ بھی مشکل حالات میں حوصلے بڑھانے کا ذریعہ بنے گا۔سری لنکا نے ڈرا کیلئے منفی رویہ اختیار کیا،دفاعی فیلڈ سیٹنگ میں سلپ کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی گئی، اظہر علی اور سرفراز کی شراکت نے آئی لینڈرز کی دفاعی حکمت عملی پامال کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے ٹریک پر ڈالا دیا، بعد ازاں مصباح الحق نے بھی مستقل مزاجی سے منزل کی طرف سفر جاری رکھا، شارجہ میں ثابت ہوگیا، فتح بہادروں کے ہی قدم چومتی ہے۔

راشد لطیف نے کہا کہ اوپنرز میں سے کوئی ایک ففٹی بنانے میں کامیاب ہوجاتا تو جیت کا سفر اور بھی آسان ہوجاتا،اظہر علی نے ٹیسٹ ٹمپرامنٹ دکھاکر مستقبل کے امکانات روشن کرلیے، کھلاڑیوں نے یواے ای میں اپنی غلطیوں سے جو سبق سیکھا وہ آئندہ میچز میں کام آئیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں