سعودی عرب جانیوالی نجی ائیر لائن کی پرواز کی تیسری مرتبہ منسوخی پر مسافر مشتعل ،ائیر پورٹ پر ہنگامہ ،داخلی راستے پر دھرنا دیدیا،سیکرٹری ایوی ایشن کی ہدایت پر حکام کے مذاکرات ،سو مسافروں کو پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے دمام کے راستے روانہ کر دیا گیا

اتوار 19 جنوری 2014 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) لاہور سے سعودی عرب جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز کی تیسری مرتبہ منسوخی پر مسافر مشتعل ہو گئے ،ائیر پورٹ پر ہنگامہ اور داخلی راستے پر دھرنا دیدیا ،سیکرٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی کی ہدایات پر حکامات سے کامیاب مذاکرات کے بعد مسافروں نے دھرنا ختم کر دیا ۔ بتایا گیا کہ تین سو مسافروں جن میں زیادہ تعداد عمرہ زائرین کی تھی نے اتوار کے روز لاہور سے جدہ روانہ ہوناتھا ۔

تمام مسافر گزشتہ روز اپنے مقررہ وقت پر ائیر پورٹ پہنچے تاہم انتظامیہ نے انہیں آگاہ کیا کہ بتایا کہ پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے جس پر مسافروں اور انہیں ائیر پورٹ چھوڑنے آنے والے انکے عزیز و اقارب نے ہنگامہ کھڑا کر دیا ۔ مسافروں نے بتایا کہ پرواز کو تیسری مرتبہ منسوخ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان میں سے اکثریت دور دراز علاقوں سے آئے ہیں اور انتظامیہ کی طرف سے بغیرکوئی اطلاع پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ جہاز کی عدم دستیابی کے باعث پرواز کو منسوخ کیا گیا جبکہ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ انہیں روانگی کے بارے میں بذریعہ فون اطلاع دیدی جائے گی۔مسافروں نے واپس گھروں کو جانے کی بجائے ائیر پورٹ کے داخلی دروازے پر دھرنا دیدیا اور کہا کہ جب تک انہیں روانہ نہیں کیا جائیگا وہ دوسری پروازوں کے مسافروں کو بھی نہیں جانے دیں گے اور دو سے اڑھائی گھنٹے تک دھرنا دیا گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی جنہوں نے کسی دوسرے شہر کی پرواز لینا تھی نے واقعہ کا علم ہونے پر حکام کو مذاکرات کی ہدایت دی جنہوں نے ویزے کی مدت ختم ہونے والے سو مسافروں کو پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے پہلے دمام اور پھر سعودی عرب جبکہ باقی مسافروں کو بھی اسی طرح دیگر پروازوں میں بھجوانے کی یقین دہانی کرائی جس پر مسافروں نے دھرنا ختم کر دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں