صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کر گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے‘ شہباز شریف

ہفتہ 18 جنوری 2014 16:48

صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کر گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے‘  شہباز شریف

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سابق دور سے بڑھ کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے گی اور محنت، دیانت اور خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرکے پنجاب کو مثالی صوبہ بنایا جائے گا، عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے تندہی ،محنت اور سچے جذبے سے عوامی خدمت کے قومی فریضہ کو نبھایا جائے گا،پاکستان وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور معدنی دولت سے مالا مال ہے، حکومت نے ابتدائی 6 ماہ کے دوران معیشت کو درست کرنے کیلئے سخت فیصلے کئے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، صوبے میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کر گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی گئی ہے ، انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ سوچ کے ساتھ ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں سے ان سے ملاقات کی۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے حلقوں میں کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے شب و روز کوشاں ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔

عوام کو بوسیدہ اور کرپٹ پٹوار کلچر سے نجات دلانے کیلئے لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عظیم الشان منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور رواں برس یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا جس سے شہریوں کو 30 منٹ میں فرد ملکیت مل سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کوبیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے رواں برس 10 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس سے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش توانائی کے بحران نے قومی معیشت، صنعت، زراعت، تعلیم، صحت سمیت سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ بجلی بحران کا خاتمہ بڑا چیلنج ہے۔ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں توانائی کے مسئلے پر قابو پانے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انشاء اللہ شبانہ روز کی محنت سے عوام کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و معاشی محکومی ہمارا مقدر نہیں، اجتماعی بصیرت، انتھک کاوشوں اور جہدمسلسل سے کام کرکے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔ غربت کو خوشحالی اور دکھوں و آنسوؤں کو خوشیوں میں بدلیں گے۔ سادگی، امانت، دیانت اور محنت کو شعار بنا کر تاریخ کا دھارا موڑا جاسکتا ہے۔

ہم نے بچت اور سادگی کے کلچر کا آغاز وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں کمی اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی برقرار رکھ کر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ہمیں وقت ضائع کئے بغیر آگے بڑھنا ہے اور ملک و قوم کی بہتری کیلئے اپنے فرائض نبھانا ہیں۔ شکست خوردہ قوموں نے تعلیم، محنت اور عزم سے زبردست معاشی قوت حاصل کی ہے، ہم بھی محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط ہوسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کے تعاون، حکومتی کاوشوں اور ٹھوس اقدامات کی بدولت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی واقع ہوئی اور عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئندہ بھی اسی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور عام آدمی کی ریلیف کیلئے مزید اقدامات کرنا ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں