آزادی چوک سگنل فری منصوبے کے متاثرین کاگھر اور دکانیں گرانے کیخلاف احتجاج ،میٹرو بس سروس معطل کر دی ،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین موقع پر پہنچ گئے ،مذاکرات کے بعد مظاہرین نے سڑک کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا

جمعرات 16 جنوری 2014 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) آزادی چوک سگنل فری منصوبے کے متاثرین نے گھر اور دکانیں گرانے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی جس کے باعث میٹرو بس سروس بھی معطل ہوگئی،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین موقع پر پہنچ گئے اورمذاکرات کے بعد مظاہرین نے سڑک کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا ۔مینار پاکستان سے ملحقہ آزادی چوک میں فلائی اوور اور انٹرچینج بنانے کے منصوبے سے متاثر ہونے والے علاقہ مکینوں نے اپنے گھر اور دکانیں گرانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بند کردی، مظاہرین کی طرف سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ میٹرو بس سروس کو بھی روک دیا گیا۔

اس دوران صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین بھی موقع پر پہنچ گئے اورانہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی دکانوں اور گھروں کی زمین کے بدلے مناسب مالی معاونت فراہم کرے گی جس کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کرتے ہوئے سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بتایا کہ صبح چھ بجے ہی ضلعی انتظامیہ کے اہلکار پہنچ گئے اور انہوں نے گیس اور بجلی کے کنکشنز منقطع کرنا شروع کر دئیے ۔ جبکہ انہیں کہا گیا کہ انکے پاس صرف پندرہ منٹ ہے گھر خالی کردیں ۔ اس موقع خواتین مظاہرین نے روتے ہوئے کہا کہ ان گھروں میں ہمارے آباؤ اجداد رہتے آئے ہیں کس طرح ان گھروں کو خالی کردیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں