لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند،سردی میں‌ اضافہ، پروازوں کا شیڈول متاثر

جمعرات 16 جنوری 2014 11:56

لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند،سردی میں‌ اضافہ، پروازوں کا شیڈول متاثر

لاہور/گوجرانوالہ/شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) لاہور،گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند نے ایک مرتبہ پھر ڈیرے ڈال لئے،لاہور ائیرپورٹ سے متعدد ملکی اور غیر ملکی پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا،ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ پنجاب کے مختلف علاقوں کو دھند نے ایک مرتبہ پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

شدید کہر کے باعث حد نظر انتہائی محدود ہو کر رہ گیا اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔موٹروے پولیس نے لوگوں کو غیرضروری سفر سے اجتناب اور دوران سفر انتہائی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔لاہور میں صبح سے ہی گہرے بادل چھا گئے،فضا میں ہرطرف دھند چھا گئی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

دھند کی شدت کے باعث ملکی اور غیرملکی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں پارہ منفی گیارہ درجے تک گر گیا جس کے باعث معمولات زندگی منجمد ہو کر رہ گئے ہیں۔بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ ، زیارت ، قلات ، قلعہ سیف اللہ ، ژوب سمیت مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔استور میں درجہ حرارت منفی نو ڈگری تک گرا ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرگودھا،گوجرانوالہ،راولپنڈی، ساہیوال،مالاکنڈ،ہزارہ ڈویژن،گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں