تاجر برادری ہمارے ملک کا اہم سرمایہ ہیں جو تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں‘ گورنر پنجاب ،ملک میں صنعتی سرگرمیوں سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، بلکہ روز گار کے نئے مواقع پیداہونے سے غربت میں بھی کمی آرہی ہے،ہر ایک کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرکے معاشرے سے ناانصافی اور مایوسی کا خاتمہ کیا جا سکتاہے‘ چوہدری محمد سرور کی گفتگو

پیر 13 جنوری 2014 20:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ تاجر برادری ہمارے ملک کا اہم سرمایہ ہیں جو تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس پر وہ بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں،ملک میں صنعتی سرگرمیوں سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، بلکہ روز گار کے نئے مواقع پیداہونے سے غربت میں بھی کمی آرہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ینگ بزنس انٹر پرینورز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے لاہور میں اُن سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح بزنس اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کرنا اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ یہ تاجر برادری ہی ہے جن کی کوششوں کے نتیجے میں آج ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ یورپی منڈیوں جی ایس پی پلس سٹیٹس کا حصول بلاشبہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر بلکہ ہزاروں کی تعداد میں صنعتوں کو بھی فائدہ ہو گا۔ گورنر پنجاب نے نوجوان تاجروں پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں او رصنعتوں میں کام کرنے والے اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو بھی اہمیت دیں ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے نوجوان تاجروں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ قبل ازیں ایچی سن کالج میں طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب ہوئے گورنرپنجاب نے کہا کہ ملک کے صاحب ِ ثروت طبقے کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں فرائض سرانجام دینے والے معاشرے کے غریب اور بے سہارا افراد کو بھی ساتھ لے کر چلیں تاکہ قومی ترقی کے عمل میں ہر فرد انفرادی یا اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

انہو ں نے کہا کہ ہر ایک کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرکے معاشرے سے ناانصافی اور مایوسی کا خاتمہ کیا جا سکتاہے۔گورنر پنجاب نے کہاکہ ہمارے تعلیمی ادارے درخشاں روایات کے حامل ہیں جہاں سے فارغ التحصیل طلباو طالبات زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعلیمی استعداد میں اضافے اور ان کی ذہنی آبیاری کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دینا ہو گی۔

انہو ں نے کہا کہ تعلیمی ادارے مستقبل کی صورت گری کا فریضہ انجام دیتے ہیں جو قومیں تعلیم کے شعبے میں اعلی روایات کو فروغ دیتی ہیں وہی دنیا میں اپنا منفرد مقام حاصل کر تی ہیں۔گورنر پنجاب نے لاہور کے تاریخی ایچی سن کالج میں تعلیمی کی جدید سہولتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ گذشتہ ایک سو پچیس سال سے تعلیم کی درخشاں روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے-گورنر پنجاب نے اس موقع پر طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں