شہید محمد اسلم کی قربانی سے نہ صرف پنجاب بلکہ تمام ملک کی پولیس کے جوانوں میں مجرموں کیخلاف لڑنے کا نیا جذبہ بیدار ہوا ہے‘ آئی جی پنجاب

جمعہ 10 جنوری 2014 17:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) شہید پولیس افسر محمد اسلم ایس ایس پی اے ٹی سی کراچی کی قربانی سے نہ صرف پنجاب بلکہ تمام ملک کی پولیس کے جوانوں میں مجرموں کے خلاف لڑنے کا نیا جذبہ بیدار ہوا ہے اورپولیس افسران اور اہلکار ملک اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔آئی جی پنجاب خان بیگ کا یہ بیان ان کی ہدایت پر جمعہ کے روز سنٹر ل پولیس آفس لاہور میں محمد اسلم شہید کی یاد میں منعقد کیے گئے ایک تعزیتی ریفرنس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب، سرمد سعید خان نے پڑھ کر سنایا۔

ریفرنس میں ایڈیشنل آئی جی، انوسٹی گیشن پنجاب، محمد ایملش، ایڈیشنل آئی جی آر اینڈ ڈی ، رائے الطاف حسین، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی ، سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب، کیپٹن (ر) محمد عثمان خٹک، قائم مقام ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس، فیصل شاہکار، ڈی آئی جی، اسٹیبلشمنٹ، امجد جاوید سلیمی،ڈی آئی جی آپریشنز، فاروق مظہر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، محمد طاہر، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی ، غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی ٹریننگ ، طارق مسعود یٰسین ، ڈی آئی جی ڈسپلن، علی عامر ملک کے علاوہ اے آئی جی ایڈمن، سجاد حسن خان منج، اے آئی جی لاجسٹکس، شارق کمال صدیقی، اے آئی جی آپریشنز، وقاص نذیر، اے آئی جی ڈسپلن، کیپٹن (ر) رومیل اکرم، پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب، محمد علی نیکوکارا ، ڈائریکٹر کمپیوٹر بیورو، شاہین خالدکے علاوہ سنٹرل پولیس آفس کے تمام افسران اور اہلکاروں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس کے سپاہی کی شناخت کوئی صوبہ نہیں ہوتا وہ صرف اور صرف عوامی جان و مال کے تحفظ کے لئے ایک کرائم فائٹر کا کردار ادا کر رہا ہوتا ہے۔ریفرنس میں پوری پنجاب پولیس فورس کی طرف سے چوہدری اسلم کی شہادت کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی گئی۔اس کے علاوہ فورس کی طرف سے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنے کااعادہ بھی کیا گیا۔

ریفرنس میں شہید کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایس ایس پی کی شہادت سے پولیس کا مورال نہ صرف بلند ہوا ہے بلکہ ان میں مجرموں کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ مزید بلند ہو گیا ہے۔ اس موقعہ پر قاری محمد یٰسین نے شہید کے لئے دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ تمام پولیس شہداء اور خصوصی طور پر کوئٹہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی آئی جی فیاض احمدسنبل اور دو دن قبل سنٹرل پولیس آفس کی خاتون ایس پی ، صفیہ بیگم کی اچانک رحلت پر ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں