کرن ویلفےئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام تیج گڑھ میں سپیشل بچوں کی بحالی کیلئے پروگرام کا انعقاد ‘ سپیشل بچوں میں گرم ہڈ(جرسیاں) تقسیم

جمعہ 10 جنوری 2014 15:46

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2014ء) کرن ویلفےئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گزشتہ روز تیج گڑھ میں سپیشل بچوں کی بحالی کیلئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور سپیشل بچوں میں گرم ہڈ(جرسیاں) تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر کرن ویلفےئرفاؤنڈیشن کی صدر روبی دانیال نے کہا کہ خصوصی بچے قوم کا ایسا سرمایہ ہیں جسے کسی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

اگرچہ قدر ت نے خصوصی بچوں کو بعض صلاحیتوں سے محروم رکھا ہے لیکن انہیں ایسی اہلیت ، ہنر مندی اور صلاحیتوں سے نوازا ہے جو ایک نارمل انسان میں نہیں پائی جاتیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے مشکلات کے باوجود زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان بچوں کی تعلیم و تربیت میں ذاتی دلچسپی لینی چاہئے تا کہ وہ دوسرے نارمل بچوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپیشل افرادمعاشرے کے اہم فرد ہیں ان کے تشخص کو ان کی صلاحیتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ایسے بچوں کو احساس کمتری سے نکال کر انہیں مفید اور کارآمدشہری بنانا ہمارا فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل بچے ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے انہیں خاندان سے الگ رکھنے کی بجائے انہیں ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں وہ کسی قسم کی احساس کمتری کا شکا ر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کرن فاؤنڈیشن سپیشل بچوں کیلئے امید کی کرن ہے جو ان بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کو شاں ہے۔قبل ازیں کرن ویلفےئر فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری ایم عبداللہ نے ادارے کی کارکردگی اور اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔مقامی رہنماء فریاد بھٹہ‘بابا جلال اور انیس گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں