لوگوں کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘ گورنر پنجاب ،فرنس سٹیل انڈسٹری کو درپیش مسائل نہ صرف متعلقہ حکام کے علم میں لائیں گے بلکہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی پوری کوشش کی جائیگی،چوہدری محمد سرور کی فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد اور پیپلز پارٹی کے رہنما عزیز الرحمان چن سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 7 جنوری 2014 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ لوگوں کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور انہیں غریب اور بے بس افراد کی داد رسی کے لیے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنا چاہیے ، آئین اور قانون کی بالادستی اور گڈگورننس ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایسوسی ایشن کے صدر میاں جاوید اقبال کی قیادت میں منگل کے روز گورنرہاؤس لاہور میں اُن سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد قومی سوچ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اہم ملکی معاملات پر یکجا ہو جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناانصافی مایوسی کو جنم دیتی ہے جس سے مظلوم منفی اقدام اٹھا نے پر مجبور ہو جاتے ہیں اگر مظلوم کی بروقت داد رسی کر دی جائے تو معاشرے سے جرائم کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کی تشکیل سے علاقے کے لوگوں کو ان کی دہلیز پرا نصاف کی فراہمی یقینی ہو گی اور فراہمی انصاف کا عمل تیز ہو گا۔

انہو ں نے کہا کہ ملک میں انصاف کا بول بالا کرنے اورقانون کی بالادستی کوقائم کرنے میں وکلاء کا کردار لائق تحسین ہے او رحکومت وکلا کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے مختلف پروگرام پر غور کر رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم جس بھی شعبے یا پیشے سے وابستہ ہو ں ہم پہلے پاکستانی ہیں اور ہمیں ہر حال میں پاکستانیت کو مقدم رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصے میں پاکستانی عوام میں قانون کے حوالے سے خاصا شعور بیدار ہوا ہے جس کا کریڈٹ یقینا وکلاء کو بھی جاتا ہے۔اس موقع پر فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار کے صدر میاں جاوید اقبال نے گورنر پنجاب کو فیصل آباد میں بار کی مصروفیات اور مختلف سرگرمیوں کے بارے میںآ گاہ کیا ۔ انہوں نے فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کی تشکیل میں ذاتی طور پر دلچسپی لینے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔

بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عزیز الرحمان چن نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ یورپی مارکیٹوں میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول سے نہ صرف ٹیکسٹائل صنعت کو فائدہ ہو گابلکہ چھ ہزار سے زائد مختلف مصنوعات کے لیے عالمی منڈیوں کے دروازے کھلیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے توانائی کے بحران پر بھی قابوپانے کے لیے مختلف توانائی کے پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

عزیر الرحمان چن نے جی ایس پی سٹیٹس دلوانے میں گورنر پنجاب کی کوششوں کو سراہا اور اسے ملکی معیشت کی بہتری میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔اس موقع پر عزیر الرحمان چن نے سٹیل فرنس آئل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا ۔گورنر پنجاب نے انہیں یقین دلایا کہ فرنس سٹیل انڈسٹری کو درپیش مسائل نہ صرف متعلقہ حکام کے علم میں لائیں گے بلکہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔دریں اثنا، اوورسیز پاکستان کے ایک پندرہ رکنی وفد نے مسٹر امجد رضااور ریاض قریشی کی سربراہی میں گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور گورنر پنجاب کی طرف سے رفاہی کاموں کے پراجیکٹس میں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں