عوام عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی چوہدری برادران کو مسترد کردیں گے ‘ رانا ثناء اللہ،چوہدری برادران کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے اسی لئے وہ بلدیاتی انتخابات سے فرار کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں‘ وزیر قانون پنجاب

پیر 6 جنوری 2014 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی دور کی کرپشن ، اقرباپروری اور غلط معاشی پالیسیوں کی سزا قوم آج تک بھگت رہی ہے، عوام ان کے چہرے پہچان چکے ہیں ، اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔چوہدری پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی چوہدری برادران کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے اور اسی لئے وہ بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں مگر عوام بلدیاتی انتخابات میں بھی چوہدری برادران کو مسترد کردیں گے ۔

چوہدری پرویز الٰہی بلدیاتی انتخابات میں شکست کے لئے خود کو ذہنی طور پر ابھی سے تیار رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت خلوص نیت سے عوام کی خدمت کے لئے دن رات کوشاں ہے اور حکومت کے بروقت اقدامات سے صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور انشاء اللہ عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔وزیرقانون نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت ہماری سیاست کا بنیادی نکتہ ہے اور پنجاب حکومت عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھے گی ۔پنجاب حکومت کی مثالی کارکردگی اور عوامی فلاحی منصوبوں کی کامیابی نے چوہدری برادران کو بری طرح خوفزدہ کردیا ہے اور اسی لئے وہ بلدیاتی انتخابات سے فرار چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں