صوبہ بھر میں امسال کے اختتام تک دس ارب روپے کی لاگت سے 1279 فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائینگے‘ وزیر کوآپریٹو، کسان میلے اور زرعی نمائشوں کے ذریعے کسانوں اور کاشتکاروں تک جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی منتقلی اہم ذریعہ ہیں‘اقبال چنڑ

اتوار 5 جنوری 2014 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک اقبال چنڑنے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ضروریات زندگی کی ہر قسم کی سہولت ان کی دہلیز پر مہیار کرنے کے سلسلے میں تیزی سے کارفرما ہے ، اس سلسلے میں جامع پلان کے ساتھ ہر شعبہ میں ترقی کے لئے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں -مختلف وفود سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ کسان میلے اور زرعی نمائشوں کے ذریعے کسانوں اور کاشتکاروں تک جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی منتقلی اہم ذریعہ ہیں- انہوں نے کہا کہ کسان پیداوار میں اضافے اور پیداواری لاگت میں کمی کے لئے جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال کریں - انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سبزیوں کی طلب اور رسد میں فرق کو کم کرنے کے لئے جامع پالیسی تیار ہو رہی ہے جس سے سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور استحکام پیدا ہو گا - انہوں نے کہا کہ صاف پانی زندگی ہے جس کو محفوظ کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے - حکومت ٹیل کے کاشتکاروں کو ان کے حصہ کا پانی یقینی بنانے اور اسے ضائع ہونے سے بچانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے - اس سلسلے میں نہروں اور راجباہوں کی پختگی کے ساتھ ساتھ بھل صفائی پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے - انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں بھل صفائی 15 اپریل تک جاری رہے گی ، اس دوران 3500 میل نہروں کی صفائی22 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی- اس سلسلے میں بھل صفائی مانیٹرنگ کے لئے انٹرذونل کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں اس سال کے اختتام تک 1279 فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیں گے- اس منصوبے پر 10 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس سے شہری و دیہی علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے گا-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں