غیرملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے موافق مواقع سے فائدہ اٹھائیں، پنجاب میں توانائی، لائیوسٹاک ، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے باعث ملک میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، توانائی کے بحران سے بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب حکومت لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اپنے وسائل سے توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پاک یوکے چیمبرکے وفد سے گفتگو

بدھ 2 جنوری 2013 20:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں توانائی، لائیوسٹاک ، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پنجاب حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولیات اور مراعات فراہم کر رہی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے موافق مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ ماڈل ٹاؤن میں پاک یوکے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ملاقات میں پاک یوکے چیمبر آف کامرس کے صدر رضی خان، جنرل سیکرٹری کامران خان، محمد صدیق، نجیب خان، مشہود احمد اعوان کے علاوہ معاون خصوصی زعیم حسین قادری، ایم این اے پرویز ملک، سیکرٹریز توانائی و صنعت، چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ایس ایم تنویر اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں 2 ارب روپے کی لاگت سے جدید سلاٹر ہاؤس قائم کیا گیا ہے جس سے گوشت کی برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔ حفظان صحت کے عالمی اصولوں کے مطابق گوشت کی پیداوار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حلال گوشت کی بہت بڑی مارکیٹ سے پاکستان اپنا بھرپور حصہ حاصل کرسکتا ہے جبکہ دودھ کی پیداوار کو بڑھا کر برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے تاہم لوڈشیڈنگ کے باعث ملک میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ توانائی کے بحران سے بیروزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔توانائی کے بدترین بحران کے ساتھ کرپشن، بیڈگورننس، انتہاپسندی اور دہشت گردی نے معیشت کا پہیہ جام کر رکھا ہے اور وفاقی حکومت ان تمام بڑے چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب میں غیرملکی کمپنیوں کے تعاون سے سولر انرجی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں جو ملک کی معیشت کے استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پاک یوکے چیمبر آف کامرس کے صدر رضی خان اور وفد کے دیگر ارکان نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کرنے کے خواہاں ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے جو سہولیات اورمراعات فراہم کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ جب توانائی بحران کی بات کر رہے تھے تو بجلی بند ہوگئی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلیوں کے باعث پونے پانچ برس کے دوران بھی لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں مل سکی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں