پنجاب اور دیگر صوبوں کے ہونہارطلباوطالبات میں میرٹ کی بنیا د پر 8ارب روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں،نوجوانوں کے ہاتھ میں ملک وقوم کا مستقبل ہے،انہیں وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں ،سودمند سرمایہ کاری ہے،عوام کی خدمت کا دوبارہ موقع ملا تو پہلے سے تین گنا زیادہ لیپ ٹاپ قوم کے درخشندہ ستاروں میں تقسیم کریں گے،زربابا اور چالیس چوروں نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا،قوم کو کرپٹ مافیاسے جان چھڑاناہوگی،پاکستان کی بقااور استحکام کے لئے انتخابات کا بروقت انعقاد ناگزیر ہے،بعض امپورٹڈ عناصرپاکستان کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیرناچاہتے ہیں،آئندہ عام انتخابات میں عوام ایسی قیادت سامنے لائیں جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ملکی و قومی مفادات کی حفاظت کی صلاحیت رکھتی ہو،وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کا انجینئرنگ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 2 جنوری 2013 20:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 8ارب روپے کی لاگت سے ہونہار طلبا وطالبات میں میرٹ اور صرف میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ لیپ ٹاپ تقسیم کے اس انقلابی پروگرام میں آزادکشمیر، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان، سندھ او ربلوچستان کے ذہین طلباوطالبات کو بھی شامل کیاگیاہے۔

نوجوانوں کے ہاتھ میں پاکستان کا مستقبل ہے اور انہیں وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری ہے۔ اگر عوام کی خدمت کا دوبارہ موقع ملا تو پہلے سے تین گنازیادہ لیپ ٹاپ قوم کے درخشندہ ستاروں میں تقسیم کریں گے تاکہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب برپاکیاجاسکے۔لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام حکومت پنجاب کا ایسا فلاحی اور انقلابی منصوبہ ہے جسے آنے والی کوئی حکومت بھی ختم نہیں کرسکے گی۔

(جاری ہے)

ملک میں تبدیلی کے نعرے لگانے والے جان لیں کہ قوم کے نونہالوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،پوسٹ گرایجویٹ کے لئے انٹرن شپ پروگرام، مالی مشکلات سے دوچار خاندانوں کے ذہین بچوں کو تعلیمی سہولتوں کے لئے وظائف کی فراہمی اور محنتی و قابل طلباوطالبات کو گارڈ آف آنر پیش کرنا ہی بڑی تبدیلی ہے۔ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیاگیاہے۔وہ یہاں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ہونہار طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

معاون خصوصی برائے تعلیم زعیم حسین قادری، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،اساتذہ،والدین اور طلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مجھے قوی امید ہے کہ ان لیپ ٹاپس کے ذریعے طالبعلم ملک سے کرپشن کے خاتمے کے فارمولے ایجاد کریں گے اور بی آر ٹی جیسے کئی منصوبے ڈیزائن کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے تعلیمی شعبے کی بہتری اور علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے تک بکھیرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ 10ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے 40ہزار وظائف ایسے غریب مگر ہونہار طلبا وطالبات کو دیئے جارہے ہیں جو اپنی غربت کی بنا پر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے سے قاصر تھے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کا واحد راستہ میرٹ اور فروغ تعلیم میں ہی مضمر ہے۔

پنجاب حکومت نے اس مقصد کے حصول کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام نے پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کو تسلیم اور اسلام آباد کے کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار کو ردکیا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گرایجویٹ نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے جس کے تحت 50ہزار نوجوانوں کو 10ہزار روپے ماہانہ کے مشاہرے پر مختلف اداروں میں تربیت دی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہاکہ ملک آج سنگین مسائل اور مشکلات میں گھراہوا ہے، کرپشن نے پنجے گاڑ رکھے ہیں، دشمن ہمیں دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کرانے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک ہاتھ میں کشکول اور دوسرے میں ایٹم بم ،دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو برقرار رکھنے اور اسے اقوام عالم میں باوقار مقام دلانے کے لئے کشکول گدائی توڑنا ہوگا اور اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے آگے بڑھناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بقاء کے لئے آئندہ عام انتخابات کا بروقت انعقادناگزیر ہے۔ بعض امپورٹڈ عناصر پاکستان کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کے مقاصد کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام آئندہ انتخابات میں ایسی قیادت کو سامنے لائیں جو اغیار کے سامنے سجدہ ریز نہ ہواور سینہ تان کر پاکستان کے مفادات کی حفاظت کی اہلیت رکھتی ہو۔

انہوں نے کہاکہ زربابااور چالیس چوروں نے ملک کی صنعت و حرفت، زراعت اور تمام شعبوں کو تباہ کرکے رکھ دیاہے۔ قومی معیشت کا جنازہ نکال دیاگیاہے۔عوام کو اب اس کرپٹ مافیا سے جان چھڑانا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت سے عوام کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں لیکن اگراسلام آباد میں بیٹھے جمہوری نظام کو چلانے والے کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو مایوس کیاہے تو اس میں جمہوریت کا کیاقصور؟ جمہوریت میں خرابی ہوتی تو آج پنجاب میں لیپ ٹاپ،انٹرن شپ، تعلیمی وظائف کے پروگرام جاری نہ ہوتے اور قوم کے نونہالوں کو پنجاب پولیس سلامی نہ دیتی۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 65سالوں میں صدور،وزرائے اعظم، وزرائے اعلیٰ اور بعض چور وں اور لٹیروں کو گارڈ آف آنر دیا جاتا رہا لیکن ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں ہونہار طلبا وطالبات کو ان کی محنت ولیاقت کی بنیاد پر گارڈ آف آنر پیش کیاجارہاہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک کو قائد واقبال کا پاکستان بنانے کے لئے امانت، دیانت اور میرٹ کو اپنانا ہوگاورنہ پاکستان سے بھکاری پن کا خاتمہ نہیں کیاجاسکے گا۔

انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلرجنرل (ر) محمداکرم نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس یونیورسٹی کے 6423طلباپہلے مرحلے میں لیپ ٹاپ حاصل کرچکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں 3ہزار سے زائد ہونہارطلباوطالبات کولیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں جو پنجاب حکومت کا بہترین تحفہ ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں پنجاب حکومت کے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی تفصیل سے تذکرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ لیپ ٹاپ تقسیم کے پروگرام کے روح روا ں وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کے بے حد ممنون ہیں جنہوں نے تقریب میں شرکت کرکے طلبا وطالبات کا حوصلہ بڑھایا۔ تقریب کے آخر میں وزیراعلیٰ نے ہونہار طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں