لاہور، شہباز شریف جوش خطابت میں الٹ محاورہ بول گئے

بدھ 2 جنوری 2013 19:33

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔2جنوری۔ 2013ء) لاہور میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے دوران شہباز شریف جوش خطابت میں الٹ محاورہ بول گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے کسی ایک پروگرام میں رشوت اور سیاست شامل ہو تو عوام کا گریبان اور ان کا ہاتھ ہوگا۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا کوئی قصور نہیں، اگر ہوتا تو میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم نہ کئے جاتے۔

اسلام آباد میں جمہوریت کو چلانے والے ڈرائیور اگر نااہل ہیں تو اس میں جمہوریت کا کیا قصور؟ شہباز شریف نے کہا کہ اگر صوبے میں میرٹ نہ ہوتا تو پولیس کا دستہ طلبا کو سلامی دینے کی بجائے زر بابا چالیس چوروں کو سلامی پیش کرتا، ضمنی انتخابات میں عوام نے میرٹ کو تسلیم کرکے کرپشن کو رد کیا ہے۔

(جاری ہے)

امپورٹڈ لوگ جمہوریت کے خلاف آج باتیں کررہے ہیں، کرپشن لوٹ مار کرنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی قیادت کو سامنے لانا ہوگا جو اغیار کے سامنے سینہ تان کر بات کرسکے، ملک سنگین دور سے گزر رہا ہے۔الیکشن وقت پر ہونا چاہیئں، 8 ارب روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ امید کرتے ہیں کہ پاکستانی نوجوان ملک کی باگ دوڑ احسن طریقہ سے سنبھالیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں