موجودہ فلم انڈسٹری کے حالات بہتربنانے کیلئے ہمیں حکومتی سطح پر ایک واضح پالیسی کی ضرورت ہے‘اعجاز دورانی

بدھ 2 جنوری 2013 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء) ماضی کے نامور ہیرو فلم سازو تقسیم کار اعجاز درانی نے کہا کہ ہے موجودہ فلم انڈسٹری کے حالات بہتربنانے کیلئے ہمیں حکومتی سطح پر ایک واضح پالیسی کی ضرورت ہے۔ وہ اپنے اعزاز میں دی گئی ایک خصوصی پارٹی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میرے فلمی کیریئر کا آغاز کراچی شہر سے ہوا تھا مگر شہرت لاہور سے ملی۔

اعجاز درانی نے کہا کہ میں اپنی فلم انڈسٹری کے اچھے مستقبل سے مایوس نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فلموں کی اکثریتی نمائش نے ہمیں نقصان پہنچایا ہے ان پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب ایران کے بعد وہاں کی حکومت نے فلم کے ذریعے بہت اچھا کام لیا۔ اعجاز درانی نے کہا کہ ہمارے ہاں غیر قانونی بھارتی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں ہمارے چند مفاد پرست فلمسازوں تقسم کاروں میں غیرت نام کی کوئی چیز نہیں اوروہ اپنے گھر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی فلموں اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر بھارت سے زیادہ بہتر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج بھی ہمارے سینما مالکان بھارت کی بجائے اپنی فلموں کو نمائش کیلئے ترجیح دیں تو بہت اچھا ہوگا۔ اعجاز درانی نے کہا کہ بنگلہ دیش نے علیحدگی کے بعد ہماری اور بھارتی فلموں کی نمائش آج تک اپنے ملک میں نہیں ہونے دی اور وہ تیزی سے بیرونی دنیا میں اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں