راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، فیصل آباد ریجن کے سی این جی اسٹیشنز بند، کوئٹہ میں 37 ویں روز بھی بند ش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا، لاہور ریجن میں سی این جی اسٹیشنزکل کھولنے کا فیصلہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا، سینئر جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس کمپنی چوہدری مسعود احمد

بدھ 2 جنوری 2013 13:26

اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء ) راولپنڈی، اسلام آباد ،جہلم اور فیصل آباد ریجن کے سی این جی اسٹیشنزبدھ کو بند رکھے گئے جبکہ کوئٹہ میں سی این جی سٹیشنز مسلسل 37 ویں روز بھی بندرہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کاسامنارہا۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سینئر جنرل منیجر چوہدری مسعود احمد کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت سے گیس کی طلب بڑھ گئی۔

لاہور سے جاری بیان میں سینئرجی ایم سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کہا کہ گیس کابحران جاری ہے ، سردی کی شدت سے طلب بھی بڑھ گئی ہے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد ،جہلم اور فیصل آباد ریجن کے سی این جی مالکان کو نوٹس بھجوا دیا ہے کہ وہ بدھ کے روز بھی اسٹیشن بند رکھیں۔

(جاری ہے)

چوہدری مسعود احمد کا کہنا تھا کہ لاہور ریجن میں کل جمعرات کو سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں شہر میں نجی سی این جی سٹیشنزمالکان اور اوگرا کے درمیان قیمتوں کا مسئلہ حل نہ ہونے کے باعث سی این جی سٹیشنز مسلسل 37 ویں روز بھی بندرہنے سے صارفین کو شدید مشکلات کاسامنا رہا۔ سی این جی فلنگ سٹینشنز کی بند ش کے باعث روزانہ ہزاروں رکشہ ڈرائیوروں اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پرواقع واحد سرکاری فلنگ سٹیشن کھلاہے جہاں گیس بھروانے والی گاڑیوں کی لمبی لائنیں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں