باصلاحیت 324 اہلکاروں پر مشتمل رنگ روڈ پولیس فورس کا قیام، وزیراعلی کا افتتاح ،نئی فورس کے لئے افسران و اہلکار میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں،کرپشن اور سفارش کو پس پشت ڈالتے ہوئے مسافروں کی رہنمائی کریں گے،رنگ روڈ پولیس اپنے فرائض ایمانداری ، خدا خوفی اور فرض شناسی سے سر انجام دے ، حسن سلوک سے لوگوں کے دلوں میں گھر کرے،رنگ روڈ کا شمالی حصہ مکمل ہے،جنوبی حصے کو بھی بنائیں گے،شہبازشریف کا رنگ روڈ پولیس فورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 1 جنوری 2013 19:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کوٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے اور ٹریفک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں-رنگ روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ اور مسافروں کی سہولت کے لئے رنگ روڈ پولیس فورس تشکیل دی گئی ہے ،جو ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں معاون و مددگار ثابت ہوگی-رنگ روڈ پولیس فورس کے لئے 324 افسران و اہلکاران میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے ہیں-پنجاب حکومت نے رنگ روڈ پولیس کے نئے نظام میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے- توقع کرتے ہیں کہ رنگ روڈ کے افسران و اہلکاران اپنے فرائض ایمانداری ، خدا خوفی اور فرض شناسی سے سر انجام دیں گے-کرپشن اور سفارش کو پس پشت ڈالتے ہوئے رنگ روڈ پر آنے والے مسافروں کی بہتر انداز میں رہنمائی کریں گے-رنگ روڈ پولیس فورس مکمل طور پر خود مختار ہو گی-مجھے امیدہے کہ نئی پولیس فورس قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز فوری کارروائی عمل میں لائے گی اور سفارش و رشوت کو جڑ سے اکھاڑپھینکے گی-پنجاب میں ہر طرف میرٹ ، قابلیت اور اہلیت کا نظام راج کیا گیاہے اور با اثر شخصیات کی سفارش بھی نہیں چلتی بلکہ قابلیت ،اہلیت اور میرٹ ہی سفارش ہے-وہ یہاں عبدالله گل انٹرچینج پر لاہور رنگ روڈ پولیس فورس کے نئے نظام کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے-اراکین اسمبلی مہر اشتیاق احمد، رانا تجمل حسین ، آجاسم شریف ،میاں نصیر احمد، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک اور رنگ روڈ پولیس فورس کے اہلکاروں نے تقریب میں شرکت کی-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور رنگ روڈ پر عوام کو آرام دہ اور پرسکون سفری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے آج ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا اہم دن ہے- ٹریفک مینجمنٹ کے اعلی معیار کا نظام معرض وجود میں لایا گیاہے-رنگ روڈپولیس میں بھرتیاں قابلیت،اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں اور اس فورس میں شامل ہونے والے افسران و اہلکاروں کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کی گئی ہے-انہوں نے کہا کہ نئی پولیس فورس رنگ روڈ سے گزرنے والے مسافروں کی رہنمائی اور اعلی معیار کی پولیسنگ کرے گی-رنگ روڈ پولیس فورس کے جذبے صادق ہیں اور وہ آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی-انہوں نے کہاکہ رنگ روڈ پولیس حسن اخلاق او رہمدردی کے ذریعے مسافروں کے لئے بہترین ماحول پیدا کرے اور عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آ کر ان کی آنکھوں کا تارا بنے- رنگ روڈ پولیس فورس کی اس نہج پر تربیت کی گئی ہے کہ وہ مدد کے لئے کال یا کسی بھی حادثہ کی صورت میں 3منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچے گی اور وہ رنگ روڈ پر پٹرولنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھے گی-انہوں نے کہاکہ رنگ روڈ کا شمالی حصہ مکمل کر لیا گیا ہے ،اس کا جنوبی حصہ بھی بنائیں گے-اگر ا لله نے عوام کی خدمت کا آئندہ موقع دیا تو سب سے پہلے رنگ روڈ کے اس حصے کو مکمل کیا جائے گا -رنگ روڈ کے جنوبی حصے کی تعمیر کے لئے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصو ل کے لئے کاوشیں کی جا رہی ہیں-انہوں نے کہاکہ رنگ روڈ اتھارٹی کے چیئرمین اور محکمہ پولیس کے افسران مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی شبانہ روز کی کاوشوں سے رنگ روڈ پولیس کا نظام معرض وجود میں آیا ہے-رنگ روڈ پولیس جہاں عوام کی رہنمائی کا کردار ادا کرے گی وہاں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی بھی عمل میں لائے گی-انہوں نے کہاکہ پاکستان کا پولیس کا نظام بوسیدہ ہو چکاہے اور اس نظام میں کرپشن کے باعث عوام پولیس پر اعتماد نہیں کرتے-جس کے باعث فرض شناسی اور ایمانداری پیچھے رہ جاتی ہے حالانکہ محکمہ پولیس میں بے شمار فرض شناس اور قابل افسران موجود ہیں اس کے باوجو د پولیس کا امیج بہتر نہ ہوناقابل افسوس ہے-ہمیں مشترکہ کاوشوں سے عوام کی نظروں میں پولیس کے تاثر کو بہتر بناناہے- رنگ روڈ پولیس کے افسران اپنی محنت سے خود کو موٹروے پولیس سے بہتر ثابت کریں اور اپنے اچھے گفتار اور مزاج سے لوگوں کے دلوں میں گھر کریں-وزیراعلی نے نئے سال کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سال پاکستان کے لئے خیر وبرکت اور اٹھارہ کروڑ عوام کی عزت و توقیر کا باعث بنے گا-قبل ا زیں چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی راشد محمودلنگڑیال نے رنگ روڈ پولیس فورس کی تشکیل اور تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ پولیس فورس کو روڈ کرافٹ، روڈ انجینئرنگ ،عوام سے برتاؤ، فسٹ ایڈ، روڈ سیفٹی کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی ہے-یہ فورس ایک کمانڈنٹ کی سربراہی میں کام کرے گی اور اس میں 2ڈی ایس پیز کے علاوہ 286 مرداور 18خواتین پولیس افسران و اہلکاران شامل ہیں-انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ پر 1122ایمرجنسی سروس بھی فراہم کی گئی ہے-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں