حافظ سعید سمیت 6 افراد کی نظربندی میں توسیع ۔ نقص امن کے قانون کے تحت نظربندی میں 60 دنوں کی توسیع کی گئی ہے،حافظ سعید داماد

اتوار 11 جنوری 2009 14:55

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11جنوری2009 ) حکومت پنجاب نے حافظ محمد سعید اور مولانا امیر حمزہ سمیت چھ افراد کی نظر بندی میں دو ماہ کی توسیع کردی ہے۔حافظ سعید کے داماد حافظ خالد ولید نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب ندیم حسن آصف کی طرف سے حافظ سعید کو نظر بندی کے احکامات وصول ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سرکاری احکامات میں کہاگیا ہے کہ نقص امن کے قانون کے تحت حافظ سعید کی نظربندی میں ساٹھ دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔

احکامات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاوٴن میں حافظ سعید کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور ان کے گھر کے باہر جیل کا عملہ متعین ہوگا۔ حافظ خالد ولید نے کہاکہ حافظ سعید کی نظربندی کے پہلے احکامات ڈی سی او لاہور سجاد احمد بھٹہ کی طرف سے جاری کیے گئے تھے لیکن نظربندی میں توسیع کیاحکامات ہوم سیکرٹری نے جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی طرف سے جن افراد کی نظر بندی میں توسیع کی گئی ہے، ان میں جماعت الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید ، مولانا امیر حمزہ، ظفر اقبال، کرنل نذیر احمد ریٹائرڈ، قاری یٰسین بلوچ، انجینیئرقاضی کاشف نیاز، مفتی عبدالرحمٰن رحمانی اور مولانا سیف اللہ منصور شامل ہیں۔

ان تمام افراد کی ایک ماہ کی نظر بندی ختم ہونے پر اس میں دو ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔صوبائی حکومت نے جماعت الدعوتہ کی سات مطبوعات پر پابندی عائد کرکے تمام شمارے قبضے میں لینے کے ساتھ د س ا سکولوں اور اٹھارہ ڈسپنسریوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی دھماکوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد حکومت پاکستان نے جماعت الدعوة کے خلاف ملگ گیر کارروائی کی اور جماعت کے امیر حافظ سعید کو ان کے گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں