اتحادی حکمران تمام شعبوں میں ناکام ہو گئے، نظام میں خرابی سے عوام بیزار ہیں، پرویزالٰہی ۔۔خارجہ امور پر حکومت ہوش‘ اور دلیری سے متفقہ فیصلے کرے‘ انتقامی کارروائیوں کے باوجود مسلم لیگ کا ساتھ نہ چھوڑنے والوں کو فراموش نہیں کر سکتے،اجلاس سے خطاب

جمعہ 9 جنوری 2009 20:02

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09جنوری2009 ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اتحادی حکمران خارجہ امور سمیت ہر شعبے میں ناکام ہو چکے ہیں ہم نے اپنے دور اقتدار میں آٹا‘ دال‘ چینی‘ گھی‘ گیس اور پٹرول وغیرہ کی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے کے علاوہ ان کی کمی نہیں ہونے دی جبکہ آج یہ چیزیں روز بروز مہنگی ہونے کے علاوہ نایاب بھی ہیں ۔

ہم نے اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کے نظام کو چلایا لیکن یہ احسن طور پر چلائے گئے ہر نظام کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کر رہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ان سے بیزار ہو رہے ہیں کیونکہ ان کو پتہ چل گیا ہے کہ عوامی خدمت کے ان کے دعوے بھی ان کے انتخابی وعدوں کی طرح جھوٹے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ خارجہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہوش‘ سوچ اور عقلمندی سے متفقہ فیصلے کیے جائیں اور ان پر عملدرآمد بھی اس انداز میں کیا جائے۔ حکومت کمزوری کی بجائے جرأت‘ یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرے‘ پاکستان کا موٴقف واضح اور بھرپور انداز میں پیش کیا جائے۔ بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث اور افغانستان میں بلا ضرورت قونصل خانے کھولنے والے بھارت کو بے نقاب کیا جائے۔

ملکی سلامتی کو ہر مسئلہ پر ترجیح دی جائے اور پارلیمانی کمیٹی کو فعال کیا جائے۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کی صورتحال کو مسلم امہ کی کمزوری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے کردار پر تنقید کی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کے باعث ایک سال سے پہلے ہی مڈ ٹرم الیکشن کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اتحادی جماعتیں مل کر 5 سال تک حکومت کریں اور کچھ کر کے دکھائیں جو کہ ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو انڈر پاس بنا کر لاہور کی ترقی کے دعوے کرنے والے خود ہی موازنہ کر کے بتائیں کہ ہم نے 5 سال میں کتنے انڈرپاس بنائے‘ رنگ روڈ سمیت ترقی کے کتنے ہی منصوبے شروع اور مکمل کیے۔ یونین کونسل کے ہر ناظم کو ایک ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دی لیکن یہ فنڈز دینے کی بجائے بلدیاتی نظام کو ختم کرنے کیلئے کرپشن کے جھوٹے الزامات کی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے 17 ویں ترمیم کے بارے میں سوال پر کہا کہ ہم خواتین اور اقلیتوں کو دئیے گئے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے پنجاب اور سندھ میں حکمرانوں کی انتقامی کارروائیوں‘ جھوٹے مقدمات اور دیگر زیادتیوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ کا ساتھ نہ چھوڑنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں پتہ نہیں چلتا کہ کون آپ کے ساتھ ہے لیکن آج پتہ چل گیا ہے کہ کون کون ہمارا ساتھی ہے اور ہم ان کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم سازی شروع کر دی ہے۔ ہمارے پرانے ساتھی موجود ہیں جن کے ساتھ ہم نے 2001ء میں رحیم یار خان اور بہاولپور کے دور دراز علاقوں سے پارٹی کی تنظیم کا کام شروع کیا تھا اور پھر نہ صرف بلدیاتی بلکہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ تمام ساتھیوں کو چاہئے کہ وہ پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کیلئے تنظیم سازی میں بھرپور دلچسپی لیں۔ اجلاس سے کامل علی آغا اور میاں محمد منیر نے بھی خطاب کیا جبکہ ارشد خان لودھی‘ چودھری اختر رسول‘ انور بھنڈر‘ منشاء سندھو‘ چودھری صدیق‘ سردار کامل عمر‘ حاجی امداد حسین‘ میاں طاہر صدیق‘ اکرم چودھری‘ عمران ریاض سمیت بڑی تعداد میں عہدیداروں‘ ٹاؤن ناظمین اور کارکنوں نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں