اسٹیبلشمنٹ اور وفاق کے حکمرانوں نے بلوچستان کو شکنجے میں جکڑ رکھا ہے ‘ پنجاب خود احساس محرومی کا شکار ہے ،وفاق بلوچستان کے 30 ارب ڈالر ہڑپ کرچکا ہے ‘پی پی ایل کے پاس جہاز جبکہ بلوچی عوام کے پاس ایک وقت کھانے کو روٹی نہیں ،بلوچستان پر وہ ہیلی کاپٹر استعمال کرکے بمباری کی گئی جو بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی استعمال نہیں کرتا ،اے آر ڈی بھی آمریت کامقابلہ کرے ‘ فوجی آپریشن کا ساتھ دینے والوں کو پھولوں کو ہار نہیں پہنا سکتے،عبد الحی بلوچ‘ حاصل بزنجو رحیم بخش و دیگر کا نیشنل پارٹی کی بین الصوبائی کانفرنس سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2006 18:32

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر 2006 ) بائیں بازوؤں کی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ فوج کو اقتدار سے نکال کر ملک میں انقلاب برپا کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔ پنجاب بلوچستان اور سندھ کے حقوق کیا غصب کرے گا وہ تو خود احساس محرومی کا شکار ہے ۔ وفاق کی طرف سے بلوچستا ن کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے ترقیاتی کام اور آئین میں صوبائی خود مختاری کی شقوں پر عملدرآمد کی یقین دہانی محض ڈھونگ ہے ۔

نیشنل پارٹی کی بین الصوبائی کانفرنس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبد الحی بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کو بلوچستان سے نکال کر پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا ۔بلوچستان قومی وحدت ہے یہاں پر محب وطن بستے ہیں اسٹیبلشمنٹ اور وفاق کے حکمرانوں نے بلوچستان کو شکنجے میں جکڑ رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ملک میں صدا آمریت کا نظام رہا ہے جس سے ملک میں سنگین بحران رہے ہیں ۔

بلوچستان کو کبھی طاقت نہیں مل سکی محکموم قوموں کو اپنے حقوق لینے کیلئے سڑکوں پر آنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 30 ارب ڈالر وفاق ہڑپ کرچکا ہے پی پی ایل کے پاس جہاز ہیں جبکہ بلوچی عوام کے پاس ایک وقت کھانے کو روٹی نہیں ۔ بلوچستان سے نکلنے والے معدنی ذخائر پر بلوچستان کو کوئی حق نہیں دیا جارہا اسی طرح سونے چاندی اور تانبے سے بھی عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا سب کچھ وفاق لیجاتا ہے ۔

1948ء ‘ 1958‘ 1962ء ‘1973ء اور 2005ء کی لشکر کشی نے بلوچستان کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکبر بگٹی ایک جانباز تھا جس نے اپنی جان پر کھیل کر جابروں کا سامنا کیا اپنا سارا خاندان سیاست کیلئے بربا د کر دیا اکبر بگٹی کی موت سے بلوچستان بری طرح متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ‘ سندھ اور بلوچستان نے اکبر بگٹی کی موت پر بھرپور ہڑتال کی ہے پنجاب میں اکبر بگٹی کی ہلاکت پر بڑا احتجاجی جلسہ ہوا ہے ۔

حکمرانوں پر دیگر مقامات پر قاتلانہ حملے ہوئے لیکن وہاں کسی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی لیکن بلوچستان پر وہ ہیلی کاپٹر استعمال کرکے بمباری کی گئی جو بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی استعمال نہیں کرتا ۔ لوٹ کھسوٹ کا نظام ختم کرنے کیلئے عوام حکمرانوں سے اقتدار چھین لیں آزاد عدلیہ اور آزاد الیکشن کمیشن قائم کر کے عوام کو ریلیف دیاجا سکتا ہے ۔

نیشنل پارٹی کے جنرل سیکرٹری حاصل بزنجو نے کہا کہ پنجاب کا مظلوم طبقہ ہمارے ساتھ ہے اوربلوچستان میں جو کچھ ہو رہا ہے پنجابی اسکے ذمہ دار نہیں بلکہ اسکی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ ہے جمہوریت کے بغیر کچھ نہیں ہو سکتا جمہوری قومی اور طبقاتی سوال آپس میں جڑے ہوئے ہیں فوج کو اقتدار سے علیحدہ کرنے کیلئے سیاسی قوتوں کو مقابلہ کرناہوگا اے آر ڈی بھی آمریت کامقابلہ کرے ۔

قوم پرست رہنما رحیم بخش نے کہا کہ بلوچستان پر ظلم آسمانی مخلوق نہیں پاکستان کے حکمران کررہے ہیں فوجی آپریشن کا ساتھ دینے والوں کو پھولوں کو ہار نہیں پہنا سکتے ملک میں موجود نظام کنٹرول ڈیمو کریسی ہے ۔ جب کسی کے حقوق چھینے جاتے ہیں تو وہی آواز بلند کرتے ہیں بلوچستان کی عوام بیوقوف نہیں کہ وہ اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔اس موقع پر شبیر شاہ ‘ منظور رضوی ‘ سنبل خان نے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں