لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 157میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 30ستمبر کو ہوگیاس حلقے میں اے آرڈی کے امیدوار رانا تجمل حسین ‘حکمران لیگ کے نوید عاشق ڈیال اور ایم ایم اے کے وقار ندیم وڑائچ آمنے سامنے ہیں

جمعرات 21 ستمبر 2006 14:34

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر 2006 ) لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 157میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 30ستمبر کو ہوگی۔ اس انتخاب کیلئے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے اور انتخابی مہم زوروں پر ہے ۔ یہ حلقہ ایک لاکھ 16ہزار ووٹروں پر مشتمل ہے ،اس حلقہ سے الیکشن 2002ء میں صوبائی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا تجمل حسین کامیاب ہوئے تھے ۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں نااہل قرار دئیے جانے پر یہ نشست خالی ہوگئی ۔ اب ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کے رانا تجمل حسین ہی اس نشست پر اے آرڈی کے متفقہ امیدوار ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں حکمران لیگ کے نوید عاشق ڈیال جبکہ ایم ایم اے کے وقار ندیم وڑائچ امیدوار ہیں۔ گذشتہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے جیتنے والے امیدوار رانا تجمل حسین نے 16ہزار ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل رانا شوکت نے 10ہزار اور وقار ندیم وڑائچ نے 8ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔

(جاری ہے)

اس انتخاب کیلئے حکمران لیگ کے امیدوار کے جلسوں سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی خطاب کر رہے ہیں جبکہ اے آرڈی کے امیدوار کے جلسوں میں میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ٹیلی فونک خطاب کر رہے ہیں۔ دریں اثناء اے آر ڈی ان کوششوں میں مصروف ہے کہ متحدہ مجلس عمل اپنا امیدوار واپس لے لیں اور اے آرڈی کی حمایت کردیں۔اگر ایم ایم اے اپنا امیدوار واپس لے لیتی ہے تو اے آرڈی کے امیدوار کی پوزیشن بہتر ہونے کی توقع ہے کیونکہ گذشتہ الیکشن میں بھی ایم ایم اے کے امیدوار نے 8ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں