لاہور ایوان اور جدہ چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 20 ستمبر 2006 17:15

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) ایوان صنعت و تجارت کے 13رکنی تجارتی وفد کے دورہ سعودی عرب کے دوران لاہور ایوان صنعت و تجارت اور جدہ چیمبر آف کامرس نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے جدّہ میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شعبہ انٹرنیشنل افیئرز، پبلیکشین اور میڈیا کے جنرل مینیجر فیصل اے بی اے تاویل اور لاہور ایوان صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر عبدالباسط نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی اے تاویل نے کہا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ خصوی تعلقات ہیں جبکہ علاقائی اور عالمی سطح پر دونوں ممالک کا نکتہ نظر بھی ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت سے دونوں ممالک میں موجود تجارتی ، کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر ہونگے۔

(جاری ہے)

لاہور ایوان کے وفد نے ریاض ایوان صنعت و تجارت کے ممبران اور شہر کے دیگر تاجروں سے بھی ملاقات کی۔

وفد نے سعودی تاجروں پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ یہ تیزی سے معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ وفد نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر شاہد کریم اللہ سے بھی ملاقات کی اور تجارت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر عبدالباسط نے سعودی تاجروں کو بتایا کہ وفد کے دورہ کا بنیادی مقصد باہمی تجارت کو فروغ دیناہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارت محدود ہے۔ سعودی عرب ایک بڑی مارکیٹ ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی بہت گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، چاول اور آلاتِ جراحی سمیت یہاں استعمال ہونے والی تقریباً ہر چیزپاکستان میں بھی تیار ہوتی ہے لیکن معلومات کے فقدان کی وجہ سے ہم خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ انہوں نے سعودی تاجروں کو پاکستان میں موجود تجارتی مواقعوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سو پچاس ملین افراد پر مشتمل مارکیٹ ہے جس سے سعودی سرمایہ کار فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں