جمعیت مشائخ پاکستان نے پوپ کے اسلام اور نبی کریم کی شان میں گستاخانہ بیان کیخلاف احتجاجی مظاہر وں کا اعلان کر دیا

بدھ 20 ستمبر 2006 17:10

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) جمعیت مشائخ پاکستان نے پاپائے روم بینی ڈکٹ کے اسلام اور نبی کریم کی شان میں گستاخانہ بیان کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام مساجد میں جمعہ کے اجتماع میں خطیب ‘ علماء شان رسالت کے موضوع پر خطاب کریں گے جبکہ فرزندان توحید مساجد کے اندر اورباہر پر امن احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔

جمعیت مشائخ کا مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع سراجیہ رسولیہ رضویہ اعظم آباد فیصل آباد میں ہوگا جسکی قیادت پیر فضل حق کریں گے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مشائخ جمعیت مشائخ کی مجلس عاملہ کا اجلاس پیر فضل حق کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر فضل حق نے کہا کہ پوپ بینی ڈکٹ کی جانب سے گستاخی کے بعد معذرت اس بات کا اعتراف ہے کہ اس نے شان مصطفی میں گستاخی کر کے امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کے مرتکب ممالک اور افراد کیخلاف کارروائی کیلئے قانون بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی پروگرام کے سلسلہ میں ملک بھر کے تمام بڑے اہم شہروں میں پر امن احتجاجی مظاہرے کئے جائینگے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں