لاہور ایوانِ صنعت و تجارت نے تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرنے پر پولیس اہلکاروں کو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز دئیے ہیں

منگل 19 ستمبر 2006 19:11

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) لاہور ایوانِ صنعت و تجارت نے تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرنے پر گذشتہ روز پولیس اہلکاروں کو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز دئیے ہیں۔ یہ ایوارڈز لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر میاں شفقت علی، سینئر نائب صدر عبدالباسط اور نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے تقسیم کیے جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب میجر (ر) ضیاء الحسن، ایڈشنل آئی جی خواجہ خالد فاروق اور ڈی آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جن لوگوں کو ایوارڈز دئیے گئے اُن میں ایڈیشنل آئی جی خواجہ خالد فاروق، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اعظم جویہ، ڈی آئی جی عامر ذوالفقار، ایس پی آرگنائزڈ کرائم ماڈل ٹاؤن مسعود عزیز، ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم ماڈل ٹاؤن عمر ورک، انسپکٹر آرگنائزڈ کرائم ماڈل ٹاؤن رانا حسیب انجم ، اے ایس آئی رانا محمد افضل، ہیڈ کانسٹیبل ظفر اقبال، کانسٹیبل غلام نبی اور محمد صدیق شامل ہیں جبکہ ایس پی سول لائنز حبیب حسین اور ایس پی کوٹ لکھپت سجاد منج کو تعریفی خطوط دئیے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس پنجاب میجر (ر) ضیاء الحسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کررہی ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے طریقہ کار میں بھی تیزی سے تبدیلی آئی ہے اور اب مجرم نہ صرف جدید اسلحہ سے مسلح ہوتے ہیں بلکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی تک بھی رسائی حاصل ہے لہذا یہ صورتحال صرف اور صرف لوگوں کے تعاون سے ہی کنٹرول میں آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ قوانین پولیس انویسٹی گیشن کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں لہذا ان میں ترمیم کی ضرورت ہے تاکہ پولیس سماج دشمن عناصر پر قابو پاسکے۔ انہوں نے تاجروں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے عہدیداران کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت/ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر افتخار علی ملک نے اس موقع پر آئی جی پولیس کو سول لائنز ڈویژن کے لیے 10 موٹرسائیکلوں کا عطیہ پیش کیا۔

انہوں نے آئی جی پولیس پر زور دیا کہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ہیومن ریسورسز پر خصوصی توجہ دیں۔ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر میاں شفقت علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے قانون کی حکمرانی بہت ضروری ہے۔ جب تک قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم نہیں کریں گے تب تک سرمایہ کاری کو فروغ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ناقص صورتحال بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے غیر ممالک کے دوروں کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ملک میں امن و امان کی ناقص صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔لاہور ایوانِ کے سینئر نائب صدر عبدالباسط نے اپنے خطاب کے دوران سٹی پولیس چیف پر زور دیا کہ قبضہ گروپوں کے خلاف جلد از جلد کاروائی عمل میں لائیں جنہوں نے اب بڑے صنعتی گروپو ں کے خلاف بھی کاروائیاں شروع کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قبضہ گروپ ایک طرف تو سرمایہ کاری کو متاثر کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف ملک کی بدنامی کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر نے پولیس حکام کے ساتھ جعلی چیکوں کا مسئلہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ اُن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو معصوم لوگوں کو جعلی چیکوں کے ذریعے بے وقوف بنارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں