کرم ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 30 جنوری 2018 11:30

کرم ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق
کرم ایجنسی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی30- جنوری۔2018ء) قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں3خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق اپر کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مقبل سے ایک گاڑی میں سوارایک ہی خاندان کے 7 افراد فاتحہ خوانی کیلئے بوشہرہ جارہے تھے کہ مقبل کے قریب کچے راستے میں بارانی ندی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

عینی شاہد رحمان نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور تین مرد شامل ہیں، جن کی شناخت راویس خان، آمین بادشاہ اور بادشاہ خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شخص کا نام سیدا جان ہے، جسے طبی امداد کیلئے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی سیدا جان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئیں۔خیال رہے کہ کرم ایجنسی وفاق کے زیر انتظام ایجنسیوں میں سے ایک ہے، شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب اور خیبرایجنسی میں آپریشن خیبر (ون اور ٹو) کے بعد عسکریت پسند ردعمل کے طور پر دوسرے علاقوں میں حملوں کی کوشش کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں