کوہاٹ، بغیر نمبر پلیٹ و رجسٹریشن گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم

بدھ 18 اپریل 2018 21:54

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) کوہاٹ میں نان رجسٹرڈ گاڑیوں کو قانونی دائرہ کار میں لانے ،امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اورٹریفک قوانین کی عملداری یقینی بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے بغیر نمبر پلیٹ و رجسٹریشن گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم میں ایک ہفتے کے دوران رکشوں اور موٹر سائیکلوں سمیت 1500گاڑیاں پکڑی گئی ہیںجبکہ گاڑی مالکان کو رجسٹریشن کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے مہم میں تیزی لاتے ہوئے پولیس نے محکمہ ایکسائز کیساتھ بھی مشترکہ لائحہ عمل طے کرلیا ہے ۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ کوہاٹ میں ٹریفک قوانین کی مئوثر عملداری یقینی بنانے،امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور بغیر نمبر پلیٹ ونان رجسٹرڈ گاڑیوں کے مختلف جرائم میں استعمال جیسے عوامل کی روک تھام کی غرض سے خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے اس دوران ضلع بھر میں پولیس اور ٹریفک عملے نے ایپلائیڈ فار، بغیر نمبر پلیٹ اور نان رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف ایک ہفتے سے جاری مہم میں مجموعی طور پر 720موٹر سائیکلوںاور 538رکشوں سمیت 1500مختلف گاڑیاں پکڑ کر ٹریفک ہیڈ کوارٹر اور متعلقہ تھانوں میں بند کردی ہیں۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران پکڑی گئی گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین کے تحت چالان کرکے جرمانے بھی عائد کردئیے گئے ہیںاور ایسی گاڑیوں کو محکمہ ایکسائز سے رجسٹریشن کرانے کی شرط پر چھوڑ ا جارہا ہے۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ اور نان رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رہے گا جسکا مقصد شہر میں چلنے والی ایپلائیڈ فار،بغیر نمبر پلیٹ اور نان رجسٹرڈ سوزوکیوں،رکشوں،موٹر سائیکلوں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کو باقاعدہ طور پر قانونی دائرہ کار میں لانا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز کیساتھ ملکر ان گاڑی مالکان کو رجسٹریشن دستاویزات اور نمبر پلیٹس فراہم کرنے کی خاطر مشترکہ لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے جبکہ اس مہم کے دوران درجنوں گاڑیوںکی محکمہ ایکسائز سے رجسٹریشن کا عمل مکمل کرتے ہوئے نمبر پلیٹس بھی فراہم کردی گئی ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں