نیشنل پارٹی قوم پرست و جمہوریت پسند پارٹی ہے ،میر حاصل خان بزنجو

بابائے بلوچستان کے فلسفے کو لیکر روزِ اوّل سے عوام کی قیادت کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں ،اڑھائی سالہ حکومت عوام کے سامنے ہے ،بنیادی مسائل حل کرنے کی کوشش کی ، تعلیم پر خصوصی توجہ دیکر نا خواندگی کے خاتمہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا،وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ

جمعہ 8 ستمبر 2017 22:15

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو ،صوبائی وزیر زراعت و فنانس سردار محمد اسلم بزنجو،نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنماء ومیئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی قوم پرست و جمہوریت پسند پارٹی ہے بابائے بلوچستان کے فلسفے کو لیکر روزِ اوّل سے عوام کی قیادت کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔

ہماری ڈھائی سالہ حکومت عوام کے سامنے ہے جس میں عوام کے تمام بنیادی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ، تعلیم پر خصوصی توجہ دیکر نا خواندگی کے خاتمہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نال میں ہڑنبوڈیم کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دیگر پارٹی رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

نیشنل پارٹی کے سربراہ وفاقی وزیر میرحاصل خان بزنجو نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی ایک تاریخ اور ایک حقیقت کا نام ہے ہم نے ہمیشہ صوبے کے عوام کی بھلائی اور ان کے مستقبل کی فکر لیکر ہی سنجیدہ اور تحمل وبرداشت کی سیاست کو فروغ دیتے آئے ہیں ۔

ہماری کوشش رہی ہے کہ عوام کے مسائل کم کرنے کی کوشش کریں اور ان کی خوشحالی کے لئے جتنے بھی وسائل ہیں وہ خرچ کئے جائیں ہمیں ڈھائی سالہ اقتدار ملی جس میں ہم نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ مرکوزکئے رکھا اور ایجوکیشن کوخصوصی اہمیت دی گئی یونیورسٹیز اور کالجز واسکولز کے قیام کے لئے ہماری حکومت نے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ۔

انہوںنے کہاکہ تحصیل نال میں ہڑنبو ڈیم بن گیا ہے اس ڈیم کے فوائد آس پاس کے تمام علاقوں کو ملیں گے ، بنجر زمینوں کو سیراب کیا جاسکے گااور بارش کے پانی سے ندی نالوں میں ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ کیا جاسکے گا ۔صوبائی وزیر زراعت وفنانس سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاہے کہ ہم روزِ اوّل سے عوام کی خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کام کررہے ہیں اب تک ہم نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام شعبوں پر رقم خرچ کی ہے ۔

ڈیمز پر اس لئے خصوصی توجہ مرکوز کررکھے ہیں کہ ہمارے ہاںبارشیں کم ہوتیں ہیں اگر بارش ہوبھی جائے تو بارش کا پانی ندی نالوں کی نظر ہو کر ضائع ہو جاتاہے جس کا آس پاس کے علاقوں کو کوئی بھی فائدہ نہیں ہوتا ہے تاہم ڈیمز بنانے سے بارش کے پانی کو محفوظ بنا کر اسے عوام کے عام استعمال میں لایا جاسکتا ہے ۔جس سے نہ صرف زیر زمین پانی کے سطح میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے بنجراور غیر آباد زمینوں کو بھی آباد کیا جاسکتا ہے ۔

ہڑنبو ڈیم بننے سے مقامی آبادی کافی خوش ہیں اور ان کا ایک بہت بڑا مسئلہ حل ہوگیا ۔ حکومت عوام کے دیگر بنیادی مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ، تعلیم صحت مواصلات کی تعمیر و ترقی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں جن پر کا م ہورہاہے ۔ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی عوام دوست پارٹی ہے جو کردار کے حامل اقدامات کرکے عوام کی فلاح وبہبود کو ممکن بنارہی ہے نیشنل پارٹی عوام کے ہر شعبے کو ترقی دینے کی کوشش کی اور ایک مثالی حکومت قائم کرکے تاریخ کا حصہ بنی عوام کے لئے نیشنل پارٹی آئندہ بھی عوام کی خدمت اسی طرح جاری رکھے گی ہم خدمت اور عوام دوست اقدامات کی بدولت ہی اگلے الیکشن میں حصہ لیں گے اور انشاء اللہ جیت کر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں