بی این پی مینگل کے رہنما سردار زادہ میر اخلاق احمد خدرانی کا پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان

منگل 8 اگست 2017 19:14

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2017ء) بی این پی (مینگل) کے رہنما و معروف قبائلی شخصیت سردار زادہ میر اخلاق احمد خدرانی نے قبیلے کے سرکردہ سیاسی قبائلی عمائدین کے ہمراہ پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی (مینگل ) سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ۔ اس موقع پر حاجی محمد خدرانی عبدالحمید خدرانی عبدالکریم خدرانی ثناء اللہ خدرانی و دیگر قبائلی اور سیاسی عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی (مینگل ) کے رہنماسردار زادہ میر اخلاق احمدخدرانی نے کہاکہ بی این پی (مینگل ) سے مستعفی ہونے کی وجوہات یہ ہیں کہ یہاں تعمیر و ترقی کی سوچ کا فقدان ہے۔ علاقے کے لوگ پسماندہ اور غربت زدہ ہیں صحت و تعلیم کی سہولیات میسر نہیں ہیں ہمارے لوگوں کو عرصہ دراز سے طفلی تسلیاں دی جارہی تھیں ۔

(جاری ہے)

آج میں اپنے قبیلے کے تمام افراد کے ہمراہ بی این پی (مینگل ) سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں ۔

آج کی پریس کانفرنس میں میرے ساتھ یہاں لوگوں کی کثیر تعداد موجود ہے اورجو لوگ یہاں نہیں پہنچ سکیں ہیں وہ بھی میرے ساتھ ہیں اورمستعفی ہونے والوں میںشامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یا میرے قبیلے کے لوگ ہم محب وطن لوگ اور جمہوریت پسند ہیںاور اس ملک کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے لوگ پسماندگی سے باہر نکل آئیں انہیں روز گار تعلیم مواصلات کی سہولتیں میسرہوں ناخواندگی کا خاتمہ ہو اورشہر سے دیہاتوں تک سڑکیں بنیں عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا ہو۔

یہ اس وقت ہوگا جب تعمیری سوچ کے حامل لیڈرشپ ہوگا اور تعمیری سوچ کے حامل سیاسی جماعتیں ہونگی ۔ ہمارے صوبہ اور بالخصوص جھالاوان وخضدار میں تعلیمی ترقی اور صحت کی سہولیات عوام کو مہیا کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے لوگوں کویہ بات سمجھ آئی ہے کہ قوم پرستی کے نام پر سیاست عوام کو دھوکہ دینے کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ ہم نے شعور و آگاہی کا جوآغاز کردیا ہے اس کا مقصد اپنے عوام کو سیاسی اور سماجی طور پر آراستہ کرنا ہے اور اپنی نئی نسل کو تعلیم کی زیور سے آراستہ کرنا ہے ۔

آج تو ہم بی این پی مینگل سے مستعفی ہونے کا اعلان کررہے ہیں تاہم اپنے آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل بھی جلد طے کرئینگے سردار زادہ میر اخلاق احمد خدرانی نے کہا کہ موجودہ دور علم اور ترقی کا دور ہے لیکن ہمارا علاقہ وہ واحد علاقہ ہے جہاں زندگی کی تمام سہولیات کا مکمل فقدان ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل با ہمی مشاورت ،علاقہ ،قبیلہ کے لوگوں کو اعتماد میں لیکر کرئینگے جس میں ملک و قوم کی سالمیت کا اولیت حاصل ہو گی ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں