وطن عزیز بیش بہا قربانیوں اور ہمارے اسلاف کی انتھک جدوجہد کے بعد حاصل کی گئی ،ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم شاندار زندگی اور آزادی کی نعمتوں سے مستفید ہو رہے ہیں

،جشن آزادی کے حوالے سے منعقد تقریب سے مقررین کاخطاب

جمعرات 3 اگست 2017 18:57

خضدار۔03 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2017ء)کمانڈٹ قلات اسکائوٹس کرنل رضوان افضل ملک کی سرپرستی میں جشن آزادی کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خاص رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدارشیر احمد قمبرانی تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برائے خواتین ضلع خضدار زاہدہ مصطفی نے کی ،تقریب میں جشن آزادی کے حوالے سے ضلع خضدار کے مختلف تعلیمی اداروں ،اسکولز اور کالجز کے طلباء و طالبات کے درمیان تقریری مقابلوں ،مضمون نویسی ،ڈرائنگ اور سائنس ماڈلز کے مقابلے منعقد ہوئے جب کہ طلبا ء طالبات نے ملی نغمے ،ٹیبلو ز اور دیگر رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کرکے سامعین سے خوب داد وصول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیر احمد قمبرانی اور محترمہ زاہدہ مصطفی نے کہا کہ وطن عزیز بیش بہا قربانیوں اور ہمارے اسلاف کی انتھک جدوجہد کے بعد حاصل کی گئی ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم شاندار زندگی اور آزادی کی نعمتوں سے مستفید ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ کی عطا کردہ ایک بہت بڑی نعمت ہے ہمیں اس نعمت کی حفاظت اور شکر ادا کرنا چائیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے اپنے اکابرین کی بتائی ہوئی اصولوں پر عمل کیا وہ کامیاب ہوئے ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم سب من حیث القوم ملک و قوم کی خدمت کریں ۔مقررین نے کہا کہ ترقی کے لیئے چند چیزیں نا گزیر ہیں جن میں سب سے پہلے ہمیں جنگی بنیادوں پر حصول تعلیم پر توجہ دیکر اپنے نسل نو کو تعلیم کی جانب راغب کرنا ہوگا کیونکہ ترقی کی منازل طے کرنے کے لیئے معیاری تعلیم کا حصول لازمی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج جو ممالک دنیا پر راج کرہی ہیں ان کی ترقی کا پہلاشرط معیاری تعلیم کا حصول ہے اور جن قوموں نے تعلیم کو ثانوی حیثیت دی وہ پسماندگی کو شکار ہوکر بھٹکتے رہے ۔انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنے بچوں کو تعلیم کی زیور سے مالا مال کریں بلکہ اپنے اہل محلہ اور علاقے کے بچوں کو تعلیم دلوادیں ۔مقررین نے کہا کہ ترقی کیلئے یہ بھی لازمی ہے کہ ہمیں اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا آپس کے اختلافات بھلاکر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

تقریب میں ایف سی کے سنیئر افسران میجر سعید احمد ،ایجوکیشن آفیسر دانیال سرور ،اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان خضدار سلطان احمد شاہوانی ، پرنسپل ڈویژنل پبلک اسکول خضدار طاہرہ احساس جتک ،پروفیسر حسن جاموٹ سمیت عمائدین شہر ،تعلیمی اداروں کے سربراہان اور طلبا و طالبات کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے والے طلبا میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کیئے گئے ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں