تعلیمی اداروں پر قبضہ کرکے انہیں ذاتی استعمال میں لانا سنگین جرم اور اپنی نسل کو تباہ کرنے کے مترادف عمل ہے، ڈپٹی کمشنر خضدار

جمعہ 28 جولائی 2017 22:36

خضدار۔28جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2017ء) ڈپٹی کمشنر خضدار کا ساسول میں تعلیمی اداروں کا دورہ ،لیویز فورس نے تعلیمی اداروں کی عمارات قابضین سے واگزار کر کے محکمہ تعلیم کے حوالہ کر دیں ، سکولوں سے غیر حاضر پائے گئے متعدد اساتذہ کو معطل کر کے ان کی تنخواہیں بند کرنے کا حکم ،اگر کسی نے تعلیمی اداروں کی بلڈنگ قبضہ کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور غیر حاضر اساتذہ اگر ملازمت کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ڈیوٹی کا پابند ہونا پڑے گا ۔

ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ کی ساسول میں گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ زہری ،زیدی کے بعد خضدار کے علاقہ ساسول کے تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

ساسول میں بھی صورتحال دوسرے علاقوں سے مختلف نہیں تھا ۔ساسول میں بھی متعدد تعلیمی اداروں پر مقامی لوگوں نے قبضہ کر کے ان کومہمان خانہ ،جانوروں کا باڑ خانہ بنا رکھا تھا جنہیں فوری طور پر قابضین کے قبضے سے واگزار کرواکر محکمہ تعلیم کے حوالہ کر دیا گیا جبکہ متعددتعلیمی اداروں میں متعددٹیچرز غیر حاضر پائے گئے جنہیں فوری طور پر ڈپٹی کمشنر خضدار نے معطل کر کے ان کی تنخواہیں بند کر دی گئیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں پر قبضہ کرکے انہیں ذاتی استعمال میں لانا سنگین جرم اور اپنی نسل کو تباہ کرنے کا عمل ہے ۔اس بار تو ہم وارننگ دے رہے ہیں اگر آئندہ ایسا ہوا تو قانون کے مطابق ایسے لوگوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اساتذہ ذہن نشین کر لیں کہ اگر انہیں تنخواء لینا ہے تو وہ اپنی فرائض احسن طریقے سے سرانجام دیں ہم آنے والی نسل کو برباد کرنے والے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کریں گے جو ڈیوٹی پر حاضر ہونا نہیں چاہتا تو وہ خود سے استعفیٰ دے۔

دوسرے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو موقع فراہم کریں، انہوں نے بلدیاتی نمائندوں اور علاقائی لوگوں کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ وہ بھی تعلیمی اداروں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ تعلیمی اداروں کی بہتری ضلعی انتظامیہ کا نصب العین ہے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں